بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وائس چانسلر کی عدم موجودگی میں اُردو یونیورسٹی انتظامی بحران کا شکار

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) وائس چانسلر کی عدم موجودگی کے باعث وفاقی اُردو یونیورسٹی انتظامی بحران کا شکار ہوگئی ہے۔ گزشتہ 5؍ روز سے وفاقی اردو یونیورسٹی میں کوئی قائم مقام وائس چانسلر بھی نہیں ہے، سینئر ڈین کلیہ فنون ڈاکٹر ضیاء الدین کی بطور قائم مقام وائس چانسلر تقرری 15؍ جولائی تک کی گئی تھی اور مستقل وائس چانسلر ڈاکٹر اطہر عطاء کو 16؍ جولائی کو یونیورسٹی جوائن کرنے کی ہدایت کی گئی تھی تاہم وہ تاحال کینیڈا سے واپس نہیں آئے ہیں۔ وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ور تربیت رانا تنویر نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اطہر عطاء کی طرف سے کینیڈا جانے والے طریقہ عمل پر ناراضی ظاہر کی تھی اور انہیں ہدایت کی تھی کہ اس طرح کے غیر مناسب عمل سے گریز کیا جائے اور مستقبل میں کیبنٹ ڈویژن کی طرف سے جاری کردہ بیرون ملک دورے کے طریقہ کار پر عمل کیا جائے۔ وفاقی اردو یونیورسٹی کے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر اطہر عطاء 20روز کے سرکاری خرچے پر یکطرفہ ٹکٹ لے کر عید منانے کینیڈا چلے گئے تھےاور انھوں نے اس دورے کو کینیڈا اور امریکا کی6؍ جامعات سے اشتراک کو بنیاد بنایا تھا اور باقاعدہ چانسلر سے این او سی کی درخواست کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ دورے کے دوران آن لائن فرائض انجام دیں گے یعنی ان کی جگہ قائم مقام کا تقرر نہ کیا جائے تاہم ان کی یہ درخواست مسترد کردی گئی تھی قائم مقام وی سی کا تقرر کردیا گیا اور ان کی چھٹی کا دورانیہ بھی مختصر کردیا گیا تھا۔ وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ور تربیت کے ذرائع نے جنگ کو بتایا ہے کہ کینیڈا میں مقیم مستقل وائس چانسلر ڈاکٹر اطہر عطاء نے مزید رخصت کی درخواست بھیجی ہے جسے سمری کی صورت میں وفاقی سیکرٹری تعلیم ناہید شاہ درانی نے وفاقی وزیر تعلیم کو بھیج دی ہے جس کی منظوری کے بعد ہی اُردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی درخواست اور قائم مقام وائس چانسلر کے بارے میں فیصلہ ہوگا۔