ایران اور امریکہ کے درمیان جاری کشیدگی میں کمی اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے امن مذاکرات سے متعلق مثبت بیان کے بعد پاکستان اسٹاک مارکیٹ(stock market) میں زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی ہے۔
ہفتے کے تیسرے کاروباری روز کے آغاز پر ہی سرمایہ کاروں نے جارحانہ خریداری کی جس کے نتیجے میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک موقع پر 5000 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 70 ہزار 640 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
اگرچہ کاروباری روز کے اختتام پر کچھ پرافٹ ٹیکنگ دیکھی گئی تاہم انڈیکس مجموعی طور پر 2 ہزار 885 پوائنٹس اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 68 ہزار 519 کی سطح پر بند ہونے میں کامیاب رہا۔
مارکیٹ میں آج کاروبار کا حجم بھی غیر معمولی رہا جہاں 48 ارب 47 کروڑ 33 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے تقریباً 60 کروڑ 6 لاکھ شیئرز کا تبادلہ ہوا۔ واضح رہے کہ مثبت رجحان کا یہ سلسلہ گزشتہ روز سے جاری ہے جب انڈیکس 5 ہزار 43 پوائنٹس اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 65 ہزار 634 پر بند ہوا تھا۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کے دوسرے راؤنڈ کے اعلان نے سرمایہ کاروں کے خدشات ختم کر دیے ہیں جس کا براہِ راست اثر مارکیٹ پر نظر آ رہا ہے۔
پاکستان کے ساتھ ساتھ ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں بھی تیزی کا رجحان غالب رہا۔ خبر ایجنسی کے مطابق تھائی لینڈ سیٹ انڈیکس میں ایک فیصد سے زائد جبکہ جاپان کے نکی انڈیکس میں ایک فیصد کی بہتری دیکھی گئی۔
مزید پڑھیں:اسٹیٹ بینک نے کرپٹو کرنسی اکاؤنٹس کھولنے کی اجازت دیدی، نوٹیفکیشن جاری
اسی طرح ہانگ کانگ کے ہینگ سینگ انڈیکس میں 0.76 فیصد اور چین کے شنگھائی کمپوزٹ انڈیکس میں بھی 0.37 فیصد کی تیزی ریکارڈ کی گئی جو عالمی سطح پر بحال ہوتے ہوئے معاشی اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔









