بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بھارت کی ایرانی تیل کی ادائیگیاں چینی یوآن میں شروع، خبررساں ایجنسی کا دعویٰ

غیر ملکی خبررساں ایجنسی رائٹرز (Reuters) کے مطابق بھارتی آئل ریفائنریز نے امریکی پابندیوں کے تحت دی گئی عارضی رعایت کے دوران خریدے گئے ایرانی تیل کی ادائیگیاں چینی یوآن میں کرنا شروع کر دی ہیں۔

رپورٹ میں چار باخبر ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ یہ ادائیگیاں ممبئی میں قائم آئی سی آئی سی آئی بینک کے ذریعے کی جا رہی ہیں، جو اپنی شنگھائی برانچ کے ذریعے رقم چین کی کرنسی یوآن میں منتقل کر رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق حال ہی میں امریکا نے روسی اور ایرانی تیل کی خریداری پر 30 روزہ رعایت دی تھی، جس کا مقصد جنگی صورتحال کے باعث عالمی منڈی میں بڑھتی ہوئی تیل کی قیمتوں کو قابو میں رکھنا تھا۔

مزید پڑھیں:پیٹرولیم لیوی کی مد میں ڈیڑھ ماہ میں 180 ارب روپے سے زائد وصولیاں، انکشاف

رائٹرز کا کہنا ہے کہ ایران پر طویل عرصے سے عائد پابندیوں اور ادائیگی کے پیچیدہ نظام کے باعث کئی خریدار ممالک ایرانی تیل کی خریداری سے گریز کرتے رہے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں بھارت کی سرکاری آئل کمپنی انڈین آئل کارپوریشن نے تقریباً 20 کروڑ ڈالر مالیت کا قریباً 20 لاکھ بیرل ایرانی خام تیل خریدا، جو سات سال بعد دونوں ممالک کے درمیان پہلی بڑی باضابطہ تجارتی خریداری ہے۔

ذرائع کے مطابق اس دوران نجی ریفائنری ریلائنس انڈسٹریز کے لیے ایرانی تیل لے جانے والے چار جہازوں کو بھی بھارتی بندرگاہوں پر لنگر انداز ہونے کی اجازت دی گئی۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ادائیگی کے اس نئے نظام کے تحت رقم فروخت کنندگان کے اکاؤنٹس میں یوآن کی صورت میں منتقل کی جا رہی ہے، تاہم ان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔