بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان کا مصر میں المناک سڑک حادثے میں جانوں کے ضیاع پر اظہارِ تعزیت

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان نے مصر میں المناک سڑک حادثے میں جانوں کے ضیاع پر اظہارِ تعزیت کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار احمد نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام مصر میں المناک سڑک حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر مصر کی حکومت اور برادر عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مصر میں بس حادثے میں 23 افراد جاں بحق اور 30 سے ذائد زخمی ہوئے، حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہلِ خانہ سے گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دکھ کی اس گھڑی میں برادر عوام اور حکومت مصر کے ساتھ کھڑا ہے۔

واضح رہے کہ مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں تیز رفتار بس سڑک کنارے کھڑے ٹرک سے جا ٹکرائی۔ اس خوفناک حادثے کے نتیجے میں 22 افراد جاں بحق اور 33 زخمی ہو گئے۔ اطلاعات کے مطابق حادثہ بس ڈرائیور کی لاپروائی کے باعث پیش آیا ہے۔

مصری حکام کے مطابق ملک کے جنوبی صوبے المنیا کے قریب تیز رفتاری کے سبب پیش آنے والے اس بس حادثے میں کم از کم 22 افراد جاں بحق اور 33 زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو المنیا کے ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ المنیا دارالحکومت قاہرہ سے تقریباً 220 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔

امریکی خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق المنیا کے حکام نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حادثہ منگل کی صبح اس وقت پیش آیا جب دارالحکومت قاہرہ کے قریب ہائی وے پر ایک تیز رفتار مسافر بس کھڑے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ سڑک کے کنارے ٹرک کے ٹائر تبدیل کیے جا رہے تھے۔

خیال رہے کہ مصر میں ہر سال ہزاروں افراد ٹریفک حادثات میں جانیں کھو بیٹھتے ہیں۔ یہ حادثات زیادہ تر تیز رفتاری، خراب سڑکوں یا ٹریفک قوانین پر عمل درآمد نہ ہونے کی وجہ سے رونما ہوتے ہیں۔