اسلام آباد( صغیر چوہدری ) امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا مجوزہ دورہ پاکستان منسوخ نہیں ہوا بلکہ سفارتی اور سیکیورٹی صورتحال کے باعث اس کے شیڈول میں عارضی تبدیلی کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وائٹ ہاؤس ذرائع کا کہنا ہے کہ نائب صدر کا دورہ فی الحال “ہولڈ” پر رکھا گیا ہے، تاہم اسے مکمل طور پر کینسل نہیں کیا گیا۔
امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ نئی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا اور دورہ کسی بھی وقت ری شیڈول ہو سکتا ہے۔اس حوالے سے آئندہ 24 گھٹنے بہت اہم ہیں ذرائع کے مطابق اس تاخیر کی بنیادی وجہ امریکہ اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات میں غیر یقینی صورتحال ہے۔ ایران کی جانب سے مذاکرات میں شرکت کی واضح یقین دہانی نہ ملنے کے باعث امریکی وفد، جس کی قیادت جے ڈی وینس نے کرنی تھی، فوری طور پر پاکستان روانہ نہیں ہو سکا۔
امریکی نائب صدر اس وقت واشنگٹن میں اہم پالیسی اجلاسوں میں مصروف ہیں، جہاں آئندہ حکمت عملی اور ممکنہ مذاکراتی پیش رفت پر غور کیا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق اضافی مشاورت کے باعث ہی روانگی میں تاخیر ہوئی ہے۔
مزیدپڑھیں:جنگ بندی میں توسیع کی ہماری درخواست کو قبول کرنے پر صدر ٹرمپ کا شکریہ، وزیراعظم
یاد رہے کہ جے ڈی وینس کو اسلام آباد میں امریکہ-ایران مذاکرات کے دوسرے مرحلے میں شرکت کے لیے آنا تھا، جو خطے میں جاری کشیدگی اور جنگ بندی کے تناظر میں انتہائی اہم سمجھے جا رہے ہیں۔ تاہم موجودہ حالات کے باعث یہ سفارتی عمل وقتی طور پر سست روی کا شکار ہو گیا ہے۔
دوسری جانب سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان بدستور ثالثی کا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے اور جیسے ہی تمام فریقین آمادگی ظاہر کریں گے، مذاکرات اور اعلیٰ سطحی دورے دوبارہ شیڈول کیے جا سکتے ہیں۔









