لاہور(نیوز ڈیسک)ڈیرہ غازی خان میں خاتون امریکی سیاح سے مبینہ زیادتی کے الزام میں پولیس نے 2ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ 17 اور 18 جولائی کی شب ڈیرہ غازی کے معروف سیاحتی مقام فورٹ منرو میں پیش آیا، جہاں خاتون امریکی سیاح مزمل شہزاد نامی ملزم کے ساتھ سیر کے لیے آئی تھیں۔ ملزم مزمل اور ان کے دوست پر ہی امریکی خاتون سے زیادتی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
خاتون کے ساتھ مبینہ زیادتی کا مقدمہ بارڈر ملٹری پولیس کے تھانہ فورٹ منرو میں درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق امریکی خاتون کا نام اربیلا اُپری جب کہ اِن کے ساتھ زیادتی کرنے والا ملزم راجن پور کا رہائشی بتایا جاتا ہے جس کا نام محمد مزمل شہزاد ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق مزمل شہزاد نے فورٹ منرو کے انمول ہوٹل میں متاثرہ خاتون کے ساتھ زیادتی کی۔اِس پر الزام ہے کہ اس دوران وہ ویڈیوز بھی بناتا رہا۔ جس کے بعد اِن ویڈیوز کو سوشل میڈیا پر شیئر کر نے کی دھمکی بھی دی گئی۔
ایف آئی آر میں درج ہے کہ متاثرہ خاتون کو مبینہ زیادتی کے بعد فون کالز پر دھمکیاں بھی دی گئیں جس سے وہ خوفزدہ ہو گئیں۔
واقعہ کے متعلق سوشل میڈیا میں خبریں آنے کے بعد پولیس متحرک ہوئی اور وزیراعلٰی پنجاب نے بھی واقعہ کا نوٹس لیتےہوئے آئی جی پنجاب پولیس کو ہدایت کی ہے کہ ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور متاثرہ خاتون کو انصاف دلایا جائے۔
ڈیرہ غازی خان: خاتون امریکی سیاح سے مبینہ زیادتی کے الزام میں 2افراد گرفتار








