اسلام آباد(نیوزڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات جبکہ این اے 245 پر ہونیوالے ضمنی انتخابات ملتوی کردیئے۔
ترجمان الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سندھ میں ممکنہ بارشوں اور خراب موسم کے باعث بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ اور این اے 245 کا ضمنی انتخاب ملتوی کردیا گیا۔
سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کیلئے کراچی اور حیدرآباد سمیت 16 اضلاع میں 24 جولائی کو پولنگ ہونی تھی جبکہ این اے 245 کراچی میں ضمنی انتخاب 27 جولائی کو شیڈول تھا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ ملتوی کرنے کیلئے متعدد درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں انتخابات کے التواء کیلئے مختلف وجوہات بیان کی گئی تھیں، جن میں کرونا، مون سون بارشیں، محرم الحرام اور دیگر شامل تھیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ فی الحال الیکشن ملتوی کرنے کا فیصلہ نہیں کیا اور نہ ہی کوئی نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔
سندھ کے 14 اضلاع میں پہلے مرحلے کیلئے پولنگ جون کے آخری ہفتے میں ہوئی تھی، جس میں پیپلزپارٹی نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی۔
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی اور حیدرآباد سمیت سندھ بھر میں ہفتہ 23 جولائی سے پیر 25 جولائی تک بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔
بارشوں کی پیشگوئی کے باعث الیکشن کمیشن اور سندھ حکومت پریشان تھی اور بارشوں کے نتیجے میں کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں پولنگ کا عمل متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا تھا۔
کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کردیئے گئے








