اسلام آباد(ممتازرپورٹ)تحریک انصاف نے پنجاب کے ضمنی انتخابات میں حاصل غیرمعمولی کامیابی اور(آج)جمعہ کو پنجاب میں وزارت اعلیٰ کے لئے چودھری پرویزالٰہی کی کامیابی کے بعدمرکزمیں ووٹوں کی اکثریت سے شہبازشریف حکومت گرانے پر پوری توجہ مرکوزکرنے کا فیصلہ کرلیا۔پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان نے پارٹی کے سینئررہنماسابق وزیردفاع پرویزخٹک کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی قائم کردی۔کمیٹی میں سابق وفاقی وزراءاسدعمر،فوادچودھری اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسدقیصر شامل ہیں۔پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق یہ کمیٹی حکومت سے ناراض اتحادیوں بالخصوص بلوچستان عوامی پارٹی(باپ) بی این پی (مینگل) کے علاوہ قومی اسمبلی میں غیرجانبدار کرداراداکرنے والی جماعت اسلامی جس کا صرف ایک رکن مولانا عبد الاکبرچترالی ہیں ،کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کرے گی۔ذرائع کے مطابق یہ کمیٹی خاص طورپربلوچستان سے تعلق رکھنے والے دواتحادیوں پر پوری توجہ مرکوزکرے گی۔ اگر ضرورت پڑی تو ایم کیو ایم پاکستان سے بھی رابطہ کیا جاسکے گا۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کو توقع ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی جسے شہبازشریف حکومت سے بہت زیادہ شکایات ہیں کو اس حکومت کی حمایت سے دستبردار کیا جاسکتا ہے اور صرف باپ کی حمایت سے محروم ہوتے ہیں حکومت گرجائے۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی پنجاب میں حکومت بننے کے فوری بعدمتذکرہ کمیٹی اتحادیوں سے رابطے شروع کردے گی۔
اتحادی حکومت کا خاتمہ، عمران خان نے کمیٹی بنادی








