کراچی کے بوٹ بیسن تھانے سے متعلق رشوت ستانی(Bribery) کے ایک مبینہ واقعے پر اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کے بعد پولیس حکام نے فوری ایکشن لے لیا۔
رپورٹس کے مطابق ڈی آئی جی ساؤتھ نے ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ دونوں افسران کو معطل کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔ معطل کیے جانے والوں میں سب انسپیکٹر طاہر نوید اور سب انسپیکٹر صفدر شامل ہیں، جنہیں فوری طور پر ہیڈکوارٹر رپورٹ کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔
ساؤتھ زون پولیس کراچی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ واقعے کی باقاعدہ انکوائری ایس ایس پی انویسٹیگیشن ساؤتھ کے سپرد کر دی گئی ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ پولیس میں غیر پیشہ ورانہ رویے کی کوئی گنجائش نہیں اور ایسے معاملات میں زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
حکام کے مطابق انکوائری کے دوران سامنے آنے والے حقائق کی روشنی میں مزید کارروائی بھی متوقع ہے۔
بوٹ بیسن تھانے میں رشوت ستانی کا معاملہ: دو افسران معطل، انکوائری کا حکم








