اسلام آباد: خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے قلم چھوڑ ہڑتال کے اعلان پر وفاقی وزیر اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام (engineer amir muqam)نے سخت ردعمل دیتے ہوئے اسے “ٹوپی ڈرامہ” قرار دے دیا۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ اقدام عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانے کی ناکام کوشش ہے۔ “
صوبائی حکومت اپنی ناقص کارکردگی چھپانے کے لیے محض پوائنٹ اسکورنگ میں مصروف ہے، جبکہ عوام کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھا جا رہا ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ باشعور عوام ایسے ہتھکنڈوں کو مسترد کریں گے۔انجینئر امیر مقام نے سوال اٹھایا کہ “کیا ایک وزیر اعلیٰ صوبے کے معاملات پر توجہ دینے کے بجائے ہڑتالوں کی سیاست کرے گا؟
خیبرپختونخوا کے عوام اس غیر ذمہ دارانہ رویے سے تنگ آ چکے ہیں۔” صوبہ پہلے ہی سرکاری امور میں تعطل کا شکار ہے اور مختلف شعبوں میں قلم چھوڑ ہڑتال جاری ہیں، جس کا براہِ راست نقصان عام شہریوں کو اٹھانا پڑ رہا ہے۔
انہوں نے این ایف سی کے حوالے سے بھی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ “صوبے کو اس کا آئینی حصہ مل رہا ہے، اس کے باوجود عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جبکہ بجلی اور گیس کے معاملات کو سیاسی رنگ دیا جا رہا ہے۔”
بیان میں مزید کہا کہ “جب پوری قوم معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ منا رہی ہے اور وزیرِاعظم شہباز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت نے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں، اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں ملک کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے، تو کچھ عناصر کو ملک کی مثبت پیش رفت ہضم نہیں ہو رہی۔
مزید پڑھیں:وزیراعظم کے تحت ایف بی آر اصلاحات کا جائزہ، ٹیکس تنازعات کیخلاف ایکشن پلان منظور
”انہوں نے کہا، “یہ وہی لوگ ہیں جو ہر قومی کامیابی کو متنازع بنانے کی کوشش کرتے ہیں، مگر ماضی کی طرح اس بار بھی ناکام ہوں گے۔ عوام اب باشعور ہیں اور ترقی، استحکام اور حقیقی کارکردگی کو ترجیح دیتے ہیں۔”









