بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

حکومت سندھ کا خواتین کے لیے مزید 1000 پنک ای وی اسکوٹیز خریدنے کا فیصلہ

حکومت سندھ (Government of Sindh)نے خواتین کے لیے مزید 1000 پنک ای وی اسکوٹیز خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ صوبے میں ماس ٹرانزٹ نظام کو مزید وسعت دینے کے لیے انٹر سٹی پیپلز بس سروس بھی شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بہت جلد لاڑکانہ، دادو، سہون، حیدرآباد، سانگھڑ سمیت مختلف اضلاع میں انٹر سٹی بس سروس کا آغاز کیا جائے گا۔

وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی کے لیے نئی ای وی بسیں اور ڈبل ڈیکر بسیں بھی لانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ خیرپور تا روہڑی اور خیرپور تا رانی پور کے نئے روٹس آئندہ ہفتے شروع کیے جائیں گے۔

شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی سلیم اللہ اوڈھو اور دیگر متعلقہ حکام شریک ہوئے۔

اجلاس میں پیپلز بس سروس کے نئے روٹس، پنک ای وی اسکوٹیز کی تقسیم، ای وی ٹیکسی سروس اور ماس ٹرانزٹ کے جاری و مجوزہ منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں آئندہ چند ماہ کے دوران مزید نئی بسیں کراچی پہنچانے کا اعلان کیا گیا تاکہ شہریوں کو سفری سہولیات میں مزید بہتری فراہم کی جا سکے۔ سینئر وزیر نے پنک ای وی اسکوٹیز کے رجسٹریشن سے متعلق مسائل کا فوری حل یقینی بنانے کی ہدایات بھی دیں۔

مزیدپڑھیں:اسرائیلی حملے میں حماس کے مرکزی رہنما خلیل الحیہ کا چوتھا بیٹا بھی شہید

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت سندھ خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں محفوظ و باوقار سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ اجلاس میں ماس ٹرانزٹ نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے مزید ڈبل ڈیکر اور ہائبرڈ بسیں چلانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ کراچی سمیت پورے سندھ میں ٹرانسپورٹ کے نظام کو مرحلہ وار جدید بنایا جا رہا ہے ۔ خواتین، طلبہ اور روزانہ سفر کرنے والے شہریوں کی سہولت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ ای وی بسیں، ہائبرڈ ٹرانسپورٹ اور پنک اسکوٹیز نہ صرف ماحول دوست ہیں بلکہ شہریوں کے لیے معاشی طور پر بھی فائدہ مند ثابت ہوں گے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ جاری منصوبوں کی رفتار مزید تیز کی جائے تاکہ عوام جلد از جلد ان سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔