بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی شہریوں سے ہاتھ کرگئی، اکھٹے 4ماہ کے بل صارفین کو تھما دئیے

لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (L W M C) کی جانب سے شہریوں پر صفائی بلوں کا نیا بوجھ ڈال دیا گیا، جہاں شہریوں کو ایک ساتھ چار ماہ کے صفائی بل تھما دیے گئے ہیں، جبکہ بلوں میں تین ماہ کا عدم ادائیگی جرمانہ بھی شامل ہونے پر شہریوں کی شکایات سامنے آنے لگیں۔

متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران کسی بھی اہلکار نے صفائی بل فراہم نہیں کیا، تاہم رواں ماہ اچانک چار ماہ کے بل ایک ساتھ بھجوا دیے گئے۔ شہریوں کے مطابق بیک وقت ساڑھے سات ہزار روپے سے زائد کے بل موصول ہونے سے شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔

شہریوں نے مؤقف اختیار کیا کہ اگر بل بروقت تقسیم کیے جاتے تو ایک ساتھ اتنی بڑی رقم ادا کرنے کی نوبت نہ آتی۔

دوسری جانب لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ترجمان نے وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ستھرا پنجاب‘‘ ٹیمیں سروے مکمل ہونے کے بعد مرحلہ وار صفائی بل شہریوں تک پہنچا رہی ہیں۔

ترجمان کے مطابق ابتدائی مرحلے میں شہریوں کی درست معلومات دستیاب نہ ہونے کے باعث بلوں کی ترسیل میں مشکلات پیش آئیں۔

ترجمان ایل ڈبلیو ایم سی کا کہنا ہے کہ ستھرا پنجاب کے نمائندگان گھر گھر جا کر بلوں کی تقسیم یقینی بنا رہے ہیں، جبکہ پوش علاقوں سے شروع ہونے والا سروے اور بلوں کی تقسیم اب مرحلہ وار ہر گلی اور محلے تک پہنچ رہی ہے۔

مزید پڑھیں:اے آئی ٹیکنالوجی کا ارتقا انسانوں کیلئے خطرہ بن سکتا ہے، کیسے ؟ حیرت انگیز تحقیق

انہوں نے مزید بتایا کہ بلوں کی تقسیم کو مزید شفاف بنانے کیلئے خصوصی ایپلیکیشن بھی تیار کرلی گئی ہے، جس کے تحت بل تقسیم کرنے والا اہلکار اپنی جیو ٹیگ لوکیشن اور تصویر اپ لوڈ کرنے کا پابند ہوگا۔ ایپلیکیشن کی مدد سے کسی بھی گھر میں بل کی تقسیم کا دن اور وقت بھی ویریفائی کیا جا سکے گا۔