آسٹریلیا کے لیجنڈری اسپنر شین وارن(shane warne) کی سابق اہلیہ سائمون کیلاہن نے پہلی بار ان دل دہلا دینے والے لمحات کو یاد کیا ہے جب انہیں شین وارن کے انتقال کی خبر ملی تھی۔
اپنے بیٹے جیکسن وارن کے پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے سائمون نے بتایا کہ مارچ 2022 کی وہ رات بظاہر ایک معمول کی شام تھی، مگر اچانک موصول ہونے والے پیغامات نے ان کی زندگی بدل کر رکھ دی۔
انہوں نے کہا کہ وہ اپنی بیٹی سمر وارن کو لینے کے لیے واپس گھر جا رہی تھیں کہ اسی دوران انہیں کچھ غیر معمولی محسوس ہوا۔ ایک پیغام میں جلد گھر پہنچنے کا کہا گیا جس سے ان کے دل میں بے چینی پیدا ہوئی اور انہیں اندازہ ہو گیا کہ کوئی افسوسناک خبر آنے والی ہے۔
سائمون کے مطابق وہ لمحہ ان کی زندگی کا سب سے تکلیف دہ لمحہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس خبر کے بعد ان کی دنیا ہمیشہ کے لیے بدل گئی۔
مزیدپڑھیں:وطن کی حرمت پر آنچ آئے تو پوری پاکستانی قوم ایک مضبوط دیوار بن جاتی ہے،شاہد آفریدی
انہوں نے اپنے بچوں بروک وارن، جیکسن اور سمر کے جذباتی حالات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کم عمری میں والد کو کھونا ان کے لیے انتہائی مشکل مرحلہ تھا۔ وہ اپنے بچوں کی ذہنی کیفیت دیکھ کر شدید پریشان تھیں کیونکہ پورا خاندان ایک بڑے صدمے سے گزر رہا تھا۔
واضح رہے کہ شین وارن مارچ 2022 میں تھائی لینڈ میں دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئے تھے، جس کے بعد کرکٹ دنیا سوگ میں ڈوب گئی تھی۔









