بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

دہشت گردوں کو ملکی ترقی اورامن کی راہ میں روکاوٹ بننے کی اجازت نہیں دیں گے،وزیراعظم

 وزیراعظم محمد شہباز شریف(Shehbaz Sharif) نے لکی مروت کے علاقے سرائے نورنگ بازار میں ہونے والے افسوسناک اور دلخراش دھماکے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔ اس واقعے میں دو ٹریفک پولیس اہلکاروں سمیت مجموعی طور پر سات افراد شہید ہوئے جبکہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔

وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ معصوم شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو نشانہ بنانا ایک بزدلانہ اور قابل مذمت فعل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست پاکستان دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پہلے سے زیادہ مضبوط عزم کے ساتھ اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام ادارے ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردوں کو ملک کے امن، استحکام اور ترقی کے سفر میں کسی بھی صورت رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ وزیراعظم کے مطابق پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دی ہیں، جن میں سیکیورٹی فورسز کے جوانوں اور عام شہریوں کی عظیم قربانیاں شامل ہیں، اور یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

مزیدپڑھیں:صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی نرسز کی خدمات کے بغیر ممکن نہیں، وزیراعظم کا عالمی دن پر پیغام

وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے کی فوری اور شفاف انکوائری کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے اور ذمہ دار عناصر کو جلد از جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے تاکہ انہیں قرار واقعی سزا دی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف ریاستی اداروں کی نہیں بلکہ پوری قوم کی جنگ ہے، اور اس جنگ میں عوام کا اتحاد اور قربانیاں ہی پاکستان کو امن کی طرف لے جا رہی ہیں۔

وزیراعظم نے دھماکے میں شہید ہونے والے افراد کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد اور مکمل صحتیابی کے لیے بھی دعا کی اور ہدایت کی کہ زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔