بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بے شمار قربانیاں دیں ،عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ(Ata Tarar) نے کہا ہے کہ پاکستان امن پر یقین رکھتا ہے تاہم بھارت کی جانب سے مسلسل جارحانہ رویہ خطے کے امن کے لیے خطرہ بنا ہوا ہے۔ وہ انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز میں منعقدہ سیمینار سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کر رہے تھے۔

وزیر اطلاعات نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن اسٹیٹ کے طور پر کردار ادا کر رہا ہے اور اس جنگ میں ملک نے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ ان کے مطابق دہشت گردی کا مسئلہ بھارت کا اندرونی معاملہ ہے جبکہ جموں و کشمیر ایک عالمی تنازع ہے جس پر اقوام متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت اکثر داخلی مسائل کو خارجی رنگ دیتا ہے اور خارجی مسائل کو داخلی بنانے کی کوشش کرتا ہے۔ عطاء اللہ تارڑ نے الزام عائد کیا کہ پہلگام واقعے کے بعد بغیر کسی شفاف تحقیقات کے پاکستان پر الزامات عائد کیے گئے جبکہ محض دس منٹ کے اندر ایف آئی آر درج کر لی گئی۔

وزیر اطلاعات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے پی ایم اے کاکول میں کیڈٹس سے خطاب کے دوران اس واقعے کی شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات کی پیشکش کی تھی، تاہم ایک سال گزرنے کے باوجود بھارت کی جانب سے کوئی مثبت جواب نہیں دیا گیا، جو ان کے بقول بھارت کی ہچکچاہٹ کو ظاہر کرتا ہے۔

مزیدپڑھیں:بھارتی اداکار و پروڈیوسر دلیپ راج 47 برس کی عمر میں چل بسے

انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان میں سویلین آبادی کو نشانہ بنایا گیا جبکہ پاکستان نے ہر سطح پر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کلبھوشن یادیو کی پاکستان میں گرفتاری اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ بھارت دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان نے بیانیہ، سفارتی اور عسکری محاذ پر مؤثر انداز میں اپنا مؤقف دنیا کے سامنے پیش کیا اور کامیابی حاصل کی۔ ان کے مطابق معرکہ حق کے دوران پاکستانی میڈیا نے ذمہ دارانہ کردار ادا کیا جبکہ بھارتی میڈیا نے جھوٹ اور غلط معلومات پھیلائیں، جن میں لاہور اور ملتان جیسے شہروں میں بندرگاہوں سے متعلق بے بنیاد دعوے بھی شامل تھے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے اور اس کی سول و عسکری قیادت ایک صفحے پر ہے۔ ان کے مطابق معرکہ حق کے دوران پوری قوم متحد رہی اور افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی رہی۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کو اربوں ڈالر کا معاشی نقصان اٹھانا پڑا ہے، تاہم اس کے باوجود ملک نے ثابت قدمی کے ساتھ اس چیلنج کا مقابلہ کیا۔ انہوں نے نوجوانوں کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ انہوں نے سوشل میڈیا کو مؤثر طریقے سے استعمال کیا۔

انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہر محاذ پر بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور عالمی سطح پر اپنا مؤقف مؤثر انداز میں منوایا ہے۔