بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سلہٹ ٹیسٹ: قومی ٹیم کی بیٹنگ دباؤ کا شکار، 4 وکٹیں گر گئیں

بنگلہ دیش (Bangladesh)کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان(Pakistan) کی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار رہی اور دوسرے روز کھانے کے وقفے تک قومی ٹیم نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 96 رنز بنائے۔ کھیل کے آغاز میں پاکستان نے 21 رنز بغیر کسی نقصان کے اپنی پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا، تاہم جلد ہی اوپننگ جوڑی ٹوٹ گئی اور ٹیم دباؤ میں آگئی۔

اذان اویس 13 اور عبداللہ فضل 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ مجموعی اسکور 61 تک پہنچا تو کپتان شان مسعود بھی 21 رنز کے ساتھ آؤٹ ہوگئے، جبکہ 79 رنز پر سعود شکیل 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ دونوں ابتدائی وکٹیں تسکین احمد کے حصے میں آئیں، جنہوں نے پاکستانی بیٹنگ کو جھٹکا دیا۔

اس سے قبل پہلے دن پاکستان نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو بیٹنگ دی تھی۔ بنگلہ دیش نے آغاز میں ہی مشکلات کا سامنا کیا اور محمد عباس نے پہلے اوور میں ہی وکٹ حاصل کرلی۔ ابتدائی سیشن میں ہی بنگلہ دیش کی تین وکٹیں 101 رنز پر گر چکی تھیں۔

مزیدپڑھیں:محمد عباس کا تاریخی اعزاز، بڑے پاکستانی بولرز کی فہرست میں شامل

دوسرے سیشن میں پاکستانی بولرز نے دباؤ برقرار رکھا اور لنچ تک میزبان ٹیم 6 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز تک محدود رہی، تاہم بعد کے سیشن میں لٹن داس نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 126 رنز کی اننگز کھیلی اور ٹیم کو 278 رنز تک پہنچایا۔

پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 4 وکٹیں حاصل کیں، محمد عباس نے 3، حسن علی نے 2 جبکہ ساجد خان نے ایک وکٹ لی۔ جواب میں پاکستان نے دن کے اختتام تک بغیر کسی نقصان کے 21 رنز بنائے تھے۔

سیریز میں بنگلہ دیش کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے کیونکہ اس نے پہلا ٹیسٹ 104 رنز سے جیتا تھا۔