آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو (Javed Alam Odho) کی ہدایات پر سندھ پولیس نے شکارپور کے کچے کے علاقے میں کامیاب آپریشن کرتے ہوئے پشاور سے اغوا ہونے والی 11 سالہ بچی حورم سعید پٹھان کو بحفاظت بازیاب کروا لیا، جبکہ کارروائی کے دوران ایک اہم اغواکار ڈاکو ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔
پولیس کے مطابق شکارپور کے کچے کے علاقے کوٹ شاہو میں دو روز قبل آپریشن کا آغاز کیا گیا تھا، جس میں پولیس نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر مختلف ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔
کارروائی کے دوران مرکزی اغواکار عبدالوحید عرف مُلا مارا گیا، جبکہ دیگر ڈاکوؤں کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔
حکام کے مطابق اسی آپریشن کے دوران لاہور کی رہائشی جنیفر عامر مسیح کو بھی بازیاب کروایا گیا، جسے مبینہ طور پر نوکری کا جھانسہ دے کر اغوا کیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں؛کراچی میوزیم آف ہسٹری کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا
آئی جی سندھ نے کامیاب کارروائی پر ڈی آئی جی لاڑکانہ ناصر آفتاب، ایس ایس پی شکارپور محمد کلیم ملک اور آپریشن میں شریک پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے افسران اور اہلکاروں کے لیے نقد انعامات اور تعریفی اسناد کا اعلان کیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر اغوا سے متعلق اطلاعات سامنے آنے کے بعد آئی جی سندھ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے بچی کی محفوظ بازیابی کے احکامات جاری کیے تھے، جس پر شکارپور پولیس نے فوری اور مؤثر کارروائی کی۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور جوانمردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر معصوم بچیوں کو بازیاب کروایا، جو قابلِ تحسین اقدام ہے۔
انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ جرائم پیشہ عناصر اور اغواکار گروہوں کے خلاف سندھ پولیس کی کارروائیاں پوری شدت کے ساتھ جاری رہیں گی تاکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔









