انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(ICC) کے آئندہ بورڈ اجلاس میں کرکٹ قوانین میں اہم تبدیلیوں پر غور کیے جانے کا امکان ہے۔
کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی فارمیٹس میں متعدد نئی تجاویز زیرِ بحث ہیں جن کی منظوری 30 مئی کو احمد آباد میں ہونے والے بورڈ اجلاس میں دی جا سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ٹیسٹ کرکٹ میں خراب موسم یا روشنی کے مسائل کی صورت میں ایک ہی میچ کے دوران ریڈ بال کے ساتھ پنک بال استعمال کرنے کی تجویز پر غور جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق دونوں ٹیموں کی رضامندی سے میچ کے دوران پنک بال متعارف کرانے کا آپشن زیرِ غور ہے، تاہم ریڈ بال سے پنک بال پر منتقلی کے طریقہ کار سے متعلق تفصیلات ابھی واضح نہیں کی گئیں۔
مزیدپڑھیں:حنیف ملک مستعفی،پاکستان کرکٹ بورڈ نے نئے بیٹنگ کوچ کیلئے اشتہار جاری کردیا
آئی سی سی ون ڈے کرکٹ میں ہیڈ کوچ کو ڈرنکس بریک کے دوران میدان میں جا کر کھلاڑیوں سے مشاورت کی اجازت دینے کی تجویز بھی زیرِ غور لا رہی ہے۔ اس وقت قوانین کے مطابق صرف متبادل کھلاڑیوں کو میدان میں داخل ہونے کی اجازت ہوتی ہے جبکہ ون ڈے میچ میں ایک اننگز کے دوران دو پانی کے وقفے دیے جاتے ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں پہلے ہی کوچ کو واٹر بریک کے دوران ٹیم سے بات کرنے کی اجازت حاصل ہے۔
اس کے علاوہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اننگز بریک کا دورانیہ 20 منٹ سے کم کر کے 15 منٹ کرنے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے تاکہ میچز کا دورانیہ مختصر کیا جا سکے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ آئی سی سی بولرز کے مشکوک ایکشن کی نگرانی مزید مؤثر بنانے کے لیے آن فیلڈ امپائرز کو ہاک آئی ڈیٹا تک رسائی دینے پر غور کر رہی ہے تاکہ فوری بنیادوں پر فیصلے کیے جا سکیں۔
کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق ان تمام مجوزہ تبدیلیوں پر جمعرات کو آئی سی سی چیف ایگزیکٹیوز کمیٹی کے آن لائن اجلاس میں ابتدائی تبادلہ خیال بھی ہو چکا ہے جبکہ اب حتمی فیصلوں کے لیے بورڈ میٹنگ پر نظریں مرکوز ہیں۔









