اسلام آباد: وفاقی حکومت نے گزشتہ دو برس کے دوران شہریوں سے پیٹرولیم لیوی (Petroleum Levy)کی مد میں 2 ہزار 725 ارب روپے سے زائد وصول کیے، جو آئی ایم ایف کے جاری دو قرض پروگراموں کی مجموعی مالیت سے بھی زیادہ ہے۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق اپریل 2024 سے مارچ 2026 تک پیٹرولیم لیوی کی مد میں مجموعی طور پر 2 ہزار 725 ارب روپے جمع کیے گئے۔ دوسری جانب موجودہ ایکسچینج ریٹ کے حساب سے آئی ایم ایف کے دونوں قرض پروگراموں کی مجموعی رقم تقریباً 2 ہزار 340 ارب روپے بنتی ہے۔
مزید پڑھیں؛گوادرپورٹ پر ٹرانسشپمنٹ کارگو لیکر آنے والا پانچواں بڑا جہاز لنگر انداز
دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال 26-2025 کے پہلے 9 ماہ، یعنی جولائی 2025 سے مارچ 2026 تک، ایک ہزار 205 ارب روپے سے زائد کی لیوی وصول کی گئی۔ جبکہ مالی سال 25-2024 میں حکومت نے پیٹرولیم لیوی کی مد میں ایک ہزار 220 ارب 21 کروڑ روپے اکٹھے کیے تھے۔
مزید یہ کہ اپریل سے جون 2024 کی سہ ماہی کے دوران بھی 299 ارب 63 کروڑ روپے کی پیٹرولیم لیوی وصول کی گئی۔









