بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

شعیب ملک نے پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ کی بہتری کے لیے اہم تجاویز پیش کر دیں

کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک  (Shoaib Malik)نے ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کے گرتے ہوئے معیار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی بہتری کے لیے ڈومیسٹک ریڈ بال نظام میں بڑی اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں شعیب ملک نے کہا کہ ریڈ بال کرکٹ کو مضبوط بنانے کے لیے ماہر کھلاڑیوں کو بہتر مالی مراعات اور پرکشش سینٹرل کنٹریکٹس دیے جانے چاہئیں تاکہ کھلاڑی طویل فارمیٹ سے وابستہ رہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر کھلاڑیوں کو مالی تحفظ حاصل ہو تو وہ فرسٹ کلاس کرکٹ کو ترجیح دیں گے اور فرنچائز لیگز کی جانب غیر ضروری رجحان بھی کم ہو جائے گا۔

مزید پڑھیں؛جسپریت بمراہ کے نام ٹی 20 کرکٹ کا منفرد مگر مایوس کن ریکارڈ

پاکستان کی جانب سے 35 ٹیسٹ، 287 ون ڈے اور 124 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے والے شعیب ملک کا کہنا تھا کہ ریڈ بال اسپیشلسٹس کے لیے خصوصی کنٹریکٹس متعارف کروانے چاہئیں، تاکہ وہ ہر سیزن کم از کم پانچ فرسٹ کلاس میچز کھیلنے کے پابند ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کھلاڑی فرنچائز کرکٹ کے دباؤ میں آ کر اپنی قدرتی صلاحیت اور کھیلنے کے انداز میں غیر ضروری تبدیلیاں کرنے سے بھی بچ سکیں گے۔

شعیب ملک نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ڈومیسٹک اور بین الاقوامی کرکٹ کے معیار میں واضح فرق موجود ہے، اس لیے عالمی سطح پر کامیابی کے لیے مکمل تیاری اور بھرپور توجہ ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ آدھی تیاری کے ساتھ بین الاقوامی کرکٹ میں کامیابی ممکن نہیں، ٹیم کو ایسے کھلاڑی درکار ہیں جو مکمل طور پر تیار اور پُرعزم ہوں۔

واضح رہے کہ شعیب ملک کی یہ تجاویز اُس وقت سامنے آئیں جب شان مسعود کی قیادت میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا۔