واٹس ایپ (WhatsApp) کی جانب سے صارفین کے لیے ایک نیا اور مفید فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کے تحت میٹا کا اے آئی اسسٹنٹ دستاویزات کو براہِ راست سمجھنے اور ان کا تجزیہ کرنے کی صلاحیت حاصل کر لے گا۔
رپورٹس کے مطابق Wabetainfo کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ واٹس ایپ کے iOS بیٹا ورژن میں ایک نیا فیچر آزمایا جا رہا ہے، جس کے ذریعے صارفین فائلز کو براہ راست میٹا اے آئی چیٹ بوٹ میں اپ لوڈ کر سکیں گے۔
اس فیچر کے بعد صارفین کو کسی بھی ڈاکومنٹ کا متن کاپی کرنے یا اس کے اسکرین شاٹس بھیجنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ اب فائل براہِ راست چیٹ میں شیئر کر کے اس کا خلاصہ (summary) یا اس سے متعلق سوالات کے جوابات حاصل کیے جا سکیں گے۔
یہ فیچر خاص طور پر ان افراد کے لیے مفید ہوگا جو روزمرہ زندگی یا کام کے دوران پی ڈی ایف فائلز، رپورٹس اور دیگر دستاویزات پر کام کرتے ہیں، کیونکہ یہ وقت کی بچت کے ساتھ بہتر رہنمائی بھی فراہم کرے گا۔
مزید پڑھیں؛واٹس ایپ صارفین کے لیے نیا کارآمد فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اس اپ ڈیٹ کے بعد صارفین دیگر ایپس سے بھی دستاویزات براہِ راست میٹا اے آئی کے ساتھ شیئر کر سکیں گے، نہ کہ صرف واٹس ایپ کے اندر موجود فائلز۔
اس سے قبل میٹا اے آئی میں زیادہ تر تصاویر اور ویڈیوز کی سپورٹ موجود تھی، جبکہ پی ڈی ایف اور اسپریڈشیٹس جیسی فائلوں کے لیے مکمل سہولت دستیاب نہیں تھی، جس کے باعث یہ فیچر دیگر جدید اے آئی پلیٹ فارمز کے مقابلے میں محدود سمجھا جاتا تھا۔
فی الحال یہ سہولت صرف بیٹا ورژن میں دستیاب ہے، اور اسے عام صارفین کے لیے کب جاری کیا جائے گا، اس بارے میں حتمی تاریخ سامنے نہیں آئی۔









