ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی فضائی دفاعی فورس نے آبنائے ہرمز کے قریب واقع جزیرہ قشم کے علاقے میں ایک امریکی ڈرون کو مار گرایا ہے۔
ایرانی فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ہفتے کے روز فضائی دفاعی نظام نے ایک امریکی ڈرون کی نشاندہی کی، جسے ایرانی فضائی حدود کے قریب سرگرمیوں کے دوران نشانہ بنایا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ جوائنٹ ایئر ڈیفنس ہیڈکوارٹرز کے تحت کام کرنے والے دفاعی نیٹ ورک نے ڈرون کا سراغ لگانے کے بعد کامیاب کارروائی کرتے ہوئے اسے تباہ کر دیا۔
ایران کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی ملکی فضائی حدود اور سلامتی کے تحفظ کے لیے کی گئی، جبکہ واقعے کی مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
مزید پڑھیں؛یوکرین کے روسی تیل تنصیبات پر ڈرون حملے، متعدد علاقوں میں توانائی بحران
اس سے قبل 26 مئی کو بھی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا تھا کہ اس کے فضائی دفاعی یونٹس نے خلیج فارس کے علاقے میں ایک امریکی ایم کیو-9 ڈرون کو نشانہ بنایا تھا۔ اس موقع پر ایرانی حکام نے خبردار کیا تھا کہ جنگ بندی یا علاقائی استحکام کو نقصان پہنچانے والی کسی بھی کارروائی کا سخت جواب دیا جائے گا۔
پاسدارانِ انقلاب کے مطابق امریکی ڈرون ایرانی فضائی حدود کے قریب نگرانی کی سرگرمیوں میں مصروف تھا، جس کی نشاندہی کے بعد اسے مار گرایا گیا۔
ایرانی حکام نے یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ ان کے فضائی دفاعی نظام نے ایک آر کیو-4 ڈرون اور ایف-35 جنگی طیارے کو بھی ایرانی فضائی حدود کے قریب کارروائی کے دوران پسپا ہونے پر مجبور کیا۔
ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں ایسے دعوے خطے میں سکیورٹی صورتحال کو مزید حساس بنا رہے ہیں، تاہم ان واقعات پر امریکی حکام کی جانب سے فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔









