بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اسلام آباد میں کاروباری اوقات کار سے متعلق نیا نوٹیفکیشن جاری

وفاقی دارالحکومت (Islamabad)کی انتظامیہ نے عیدالاضحیٰ کے بعد توانائی بچت اقدامات کے تحت کاروباری اوقات کار کا نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق یکم جون سے مارکیٹس اور شاپنگ مالز کے اوقات کار دوبارہ محدود کر دیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق عالمی سطح پر توانائی کے بحران اور ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے پیش نظر حکومت کی جانب سے توانائی بچت پالیسی پر عملدرآمد جاری ہے۔ عیدالاضحیٰ کے موقع پر کاروباری مراکز کو دیر تک کھلا رکھنے کی عارضی اجازت دی گئی تھی، تاہم اب سابقہ پابندیاں دوبارہ نافذ کر دی گئی ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق آج  سے اسلام آباد میں تمام مارکیٹس اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند کر دیے جائیں گے۔

انتظامیہ کے مطابق ریسٹورنٹس، فوڈ آؤٹ لیٹس، تندور، کریانہ اسٹورز، سبزی و پھل فروش اور بیکریاں رات 10 بجے تک کھلی رہ سکیں گی، جبکہ شادی ہالز، مارکیز اور نجی تقریبات  کو بھی رات 10 بجے تک ختم کرنا لازمی ہوگا۔

مزیدپڑھیں:چمن میں فائرنگ کے دو واقعات، 8 افراد جاں بحق

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری سروسز پر کسی قسم کی وقت کی پابندی عائد نہیں ہوگی۔

اسی طرح فارمیسیاں، اسپتال، میڈیکل لیبارٹریز اور میڈیکل اسٹورز کو بھی ان پابندیوں سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔

انتظامیہ کے مطابق پٹرول پمپس، سی این جی اسٹیشنز، دودھ اور ڈیری شاپس معمول کے مطابق کام جاری رکھ سکیں گے، جبکہ آئی ٹی کمپنیاں، کال سینٹرز، جمز، پیڈل کورٹس اور دیگر کھیلوں کی سہولیات بھی نئے اوقات کار کی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی۔