گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات 2026 کے حوالے سے سیاسی سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئی ہیں، اور آج خطے میں تین بڑی سیاسی جماعتوں کی اعلیٰ قیادت متحرک نظر آئے گی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر Nawaz Sharif ایک روزہ دورے پر گلگت بلتستان پہنچیں گے، جہاں وہ پارٹی رہنماؤں اور امیدواروں سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔ اپنے دورے کے دوران وہ “ویژن گلگت بلتستان” کا اعلان بھی کریں گے اور پارٹی عہدیداروں و امیدواروں سے خطاب کریں گے، تاہم وہ کسی بڑے عوامی جلسے سے خطاب نہیں کریں گے۔
دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین Bilawal Bhutto Zardari پہلے سے گلگت بلتستان میں موجود ہیں اور آج سکردو میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ ان کی مقامی قیادت کے ساتھ اہم ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں، جن میں انتخابی حکمت عملی اور مہم سے متعلق امور پر غور کیا جائے گا۔
اسی طرح پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین Barrister Gohar Ali Khan بھی گلگت میں موجود ہیں، جہاں وہ پارٹی کارکنان اور رہنماؤں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ وہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدواروں کے انتخابی دفاتر کے دورے بھی کریں گے تاکہ انتخابی مہم کو مزید منظم کیا جا سکے۔
دوسری طرف مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق، عابد شیر علی، مرتضیٰ جاوید عباسی اور عابد رضا کوٹلہ بھی مختلف علاقوں میں سرگرم رہیں گے، جہاں وہ مجموعی طور پر پانچ انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے۔
انتخابی مہم کے آخری مراحل میں تینوں بڑی جماعتوں کی اعلیٰ قیادت کی موجودگی نے سیاسی درجہ حرارت بڑھا دیا ہے، اور آئندہ دنوں میں مقابلہ مزید سخت اور دلچسپ ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔









