گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش(Rain) اور شدید ژالہ باری کا الرٹ جاری کردیا گیا ، جس میں تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ(Alert) رہنے اور ہنگامی انتظامات مکمل کرنے کی سخت ہدایت جاری کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے لیے موسمی صورتحال اور ممکنہ قدرتی آفات کے حوالے سے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے کہا گیا کہ ، آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع (راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، منڈی بہاؤالدین، گجرات، جہلم، میانوالی، ڈی جی خان، قصور، اوکاڑہ، گوجر خان، اور حافظ آباد) میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، خوشاب، جھنگ، ساہیوال، ملتان، بہاولپور اور رحیم یار خان میں بھی بادل برسیں گے۔
خیبر پختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، سوات، صوابی، کالام، منگورہ، مالاکنڈ، بٹگرام، مردان، نوشہرہ، پشاور، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، چارسدہ، کوہاٹ، کرک، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش متوقع ہے۔
مزیدپڑھیں:سستا پیٹرول اسکیم میں ایک ساتھ 4000 روپے ! موٹر سائیکل سواروں کے لیے بڑی خوشخبری آگئی
گلگت بلتستان کے علاقوں (اسکردو، ہنزہ، نگر، غزر، دیامیر، گھانچے، استور، شگر) اور آزاد کشمیر (وادی نیلم، مظفرآباد، باغ، کوٹلی، پونچھ، بھمبر) میں بھی شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے نے انتباہ جاری کیا ہے کہ پنجاب، کے پی، جی بی اور آزاد کشمیر کے متعدد علاقوں میں شدید ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے، جس سے کمزور تعمیرات اور تنصیبات کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
سب سے سنگین خطرہ شمالی علاقہ جات میں گلیشائی جھیلوں کے پھٹنے اور لینڈ سلائیڈنگ کا ہے، جس کے باعث رابطہ سڑکیں بند ہو سکتی ہیں، ہنزہ، نگر، گلگت، چلاس، استور، شگر، چترال، کالام، اپر کوہستان اور آزاد کشمیر کو لینڈ سلائیڈنگ کے لیے انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ شمشال ویلی، عطا آباد جھیل، کریم آباد، گل مت، ششکت بالا اور پاسو کی رابطہ سڑکیں شدید متاثر ہو سکتی ہیں جبکہ شگر ویلی روڈ، اسکردو روڈ، دیوسائی روڈ اور قراقرم ہائی وے پر راستے بند ہونے کا خدشہ ہے۔
ممکنہ طور پر متاثر ہونے والی بڑی شاہراہوں میں قراقرم ہائی وے، ناران روڈ اور جگلوٹ-اسکردو روڈ شامل ہیں۔
این ڈی ایم اے نے کالام، کندول، ارنگ کیل، داسو، پٹن اور چترال کے پہاڑی مقامات پر سفری سرگرمیاں معطل یا متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور ہنگامی انتظامات مکمل کرنے کی سخت ہدایت جاری کر دی ہے۔









