بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاک، سعودیہ بھاری سرمایہ کاری و متعدد ترقیاتی منصوبوں کے معاہدے طے

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سرمایہ کاری(Saudi investment) بڑھانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے متعدد معاہدے طے پا گئے۔ معاہدوں پر دستخط سعودی پاک جوائنٹ بزنس کونسل کے اجلاس میں کیے گئے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کی میزبانی اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) اور پاک سعودی جوائنٹ بزنس کونسل نے کی، جبکہ اجلاس کی صدارت سابق نگراں وزیر گوہر اعجاز اور پاک سعودی جوائنٹ بزنس کونسل کے چیئرمین فواد مختار نے کی۔

حکومتی ذرائع کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پورٹس اور موٹر ویز کی تعمیر و ترقی کے معاہدے طے پائے، جبکہ کراچی۔حیدرآباد موٹروے کی تعمیر کے حوالے سے بھی اہم پیش رفت ہوئی۔

دونوں ممالک نے ریئل اسٹیٹ اور معدنیات کے شعبوں میں ترقی اور سرمایہ کاری کے معاہدوں پر بھی دستخط کیے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی وفد کی قیادت پاک سعودی بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن السعود نے کی، جنہوں نے مختلف معاہدوں پر دستخط بھی کیے۔

اجلاس میں وفاقی وزراء علی پرویز ملک، مصدق ملک اور مشیر نجکاری محمد علی نے شرکت کی۔

حکومتی ذرائع کے مطابق سعودی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں مشترکہ سرمایہ کاری کے منصوبوں، پاور سیکٹر، ٹرانسمیشن لائنز، اسمارٹ میٹرنگ، پیٹرولیم اور معدنیات کے شعبوں میں دستیاب مواقع پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر بزنس ٹو بزنس ملاقاتوں کے علاوہ حکومتی سطح پر بھی متعدد اجلاس منعقد ہوئے۔

مزید پڑھیں:مسک برطانیہ کے اندرونی معاملات میں مداخلت کر رہے ہیں: برطانوی وزیرِ اعظم

ڈائریکٹر جنرل ایس آئی ایف سی میجر جنرل اسدالرحمٰان نے سعودی سرمایہ کاروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے بھرپور استفادہ کرنے کی دعوت دی۔