نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار(Ishaq Dar) سے سری لنکن نیشنل ڈیفنس کالج کے وفد نے وزارتِ خارجہ میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران وفد کو پاکستان کی خارجہ پالیسی اور علاقائی چیلنجز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ حکام کے مطابق اس موقع پر پاکستان کے سفارتی مؤقف اور خطے میں درپیش صورتحال پر بھی روشنی ڈالی گئی۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے سری لنکن وفد کا پاکستان آمد پر پرتپاک استقبال کیا اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سری لنکا کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کو مضبوط بنانے کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔
مزیدپڑھیں:حج 2026ء میں ایک لاکھ 80 ہزار کا حج کوٹہ 100 فیصد استعمال کر لیا: سردار یوسف
انہوں نے وفد کے دورہ پاکستان کو دونوں ممالک کے لیے مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے مطالعاتی دورے باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دیتے ہیں اور دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم بناتے ہیں۔
سری لنکن نیشنل ڈیفنس کالج کے وفد نے پاکستان کے دورے کو غیر ملکی مطالعاتی پروگرام کا حصہ قرار دیا ہے، جس کا مقصد علاقائی صورتحال اور سیکیورٹی و خارجہ امور کے بارے میں آگاہی حاصل کرنا ہے۔









