بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

دیامر میں مسلم لیگ (ن) کےنامزد امیدوار ڈاکٹر زمان کے حامیوں کی گاڑی پر فائرنگ

گلگت بلتستان(Gilgit Baltistan) کے انتخابی حلقے جی بی اے 17 داریل میں انتخابی سرگرمیوں کے دوران فائرنگ کا ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جس میں مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار ڈاکٹر محمد زمان کے حامیوں کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔

ذرائع کے مطابق واقعہ داریل کے علاقے ڈوڈشال میں پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد نے مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں اور حامیوں کی گاڑی پر فائرنگ کی۔ واقعے کی تصدیق مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ڈاکٹر محمد زمان نے بھی کی ہے۔

ڈاکٹر محمد زمان کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس کی فضا پیدا کر دی ہے۔ انہوں نے اس حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے کھلی دہشت گردی قرار دیا اور کہا کہ وہ گلگت بلتستان میں پُرامن، شفاف اور آزادانہ انتخابات کے انعقاد کے خواہاں ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے امیدوار نے الزام عائد کیا کہ فائرنگ کے واقعے کے پیچھے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار محمد نسیم کا ہاتھ ہے۔ انہوں نے انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ واقعے کی فوری، غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کی جائیں اور ذمہ دار عناصر کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔

مزیدپڑھیں:کرپٹو ٹریڈنگ میں غیر تربیت یافتہ نوجوان نے والد کے لاکھوں ڈبو دیے

دوسری جانب واقعے کے بعد انتخابی ماحول میں کشیدگی بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ نے امن و امان کی صورتحال پر گہری نظر رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

واضح رہے کہ گلگت بلتستان انتخابات کے سلسلے میں امن و امان برقرار رکھنے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ دیامر لیفٹیننٹ (ر) محمد اویس کی جانب سے ضلع بھر میں دفعہ 144 نافذ کر رکھی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق انتخابی عمل کے دوران قانون شکنی یا امن خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کو سختی سے روکا جائے گا۔