بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بھارت: ’’کاکروچ جنتا پارٹی‘‘ کا پہلا احتجاج، وزیر تعلیم کے استعفے کا مطالبہ

بھارت میں چیف جسٹس کے مبینہ متنازع ریمارکس کے بعد سامنے آنے والی ’’کاکروچ جنتا پارٹی‘‘ (Cockroach Janata Party) نے دہلی میں اپنا پہلا احتجاج ریکارڈ کرایا ہے، جس میں وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان سے استعفے کا مطالبہ کیا گیا۔

پارٹی کے بانی ابھجیت دیپکے نے احتجاج کے دوران خبردار کیا کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو تحریک کو ملک کے دیگر شہروں تک پھیلایا جائے گا، جبکہ آئندہ ہفتے جنتر منتر پر دوبارہ بڑے احتجاج کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

مظاہرے میں مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر معروف سماجی کارکن اور سائنسدان سونم وانگچو بھی احتجاج کا حصہ بنے۔ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر دہلی کے حساس علاقوں میں پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی۔

رپورٹس کے مطابق اس احتجاج کی بنیاد وہ مبینہ ریمارکس ہیں جو بھارتی چیف جسٹس کی جانب سے ایک عدالتی سماعت کے دوران بے روزگار نوجوانوں سے متعلق دیے گئے تھے، جنہیں تحریک کے رہنماؤں نے تنقید کا باعث قرار دیا ہے۔

مزید پڑھیں؛کاکروچ جنتا پارٹی، سوشل میڈیا طنز اور جنریشن زیڈ احتجاج، بھارت میں نئی آن لائن لہر

جنتر منتر پر ہونے والے اس مظاہرے میں شریک افراد نے تعلیمی نظام، روزگار کے مواقع اور حکومتی پالیسیوں پر تحفظات کا اظہار کیا اور اصلاحات کا مطالبہ کیا۔

پارٹی کے بانی ابھجیت دیپکے نے اپنی تقریر میں کہا کہ گزشتہ برسوں میں نوجوانوں کے مسائل کو نظر انداز کر کے سیاسی تقسیم کو فروغ دیا گیا، جس سے روزگار اور تعلیم جیسے بنیادی مسائل پسِ پشت چلے گئے۔

انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ایکس‘‘ پر اپنے اکاؤنٹ کی معطلی کا بھی ذکر کیا اور اسے آواز دبانے کی کوشش قرار دیا۔ ان کے مطابق پلیٹ فارمز اور پوسٹس کو ہٹایا جا سکتا ہے لیکن نوجوانوں کی تحریک کو خاموش نہیں کیا جا سکتا۔

مجموعی طور پر احتجاج میں شرکاء نے نوجوانوں کے مسائل اور تعلیمی اصلاحات پر توجہ دینے پر زور دیا اور حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔