گلگت بلتستان(Gilgit Baltistan) میں عام انتخابات کے شفاف، منصفانہ اور پُرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے الیکشن کمیشن نے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔
اس سلسلے میں چیف الیکشن کمشنر کی ہدایت پر اہم اقدام اٹھاتے ہوئے پرسنل سیکرٹری کے دفتر کو مرکزی کنٹرول روم قرار دے دیا گیا ہے، جو انتخابی عمل کی مسلسل نگرانی کرے گا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق قائم کیا گیا کنٹرول روم 6 جون سے 8 جون تک بلا تعطل فعال رہے گا اور 24 گھنٹے آپریشنل بنیادوں پر کام کرے گا۔ کنٹرول روم کا مقصد انتخابی عمل کے دوران تمام انتظامی، سیکیورٹی اور انتخابی امور کی مؤثر نگرانی اور فوری رابطہ کاری کو یقینی بنانا ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کنٹرول روم انتخابی عمل کے ہر مرحلے پر کڑی نظر رکھے گا، جبکہ پولنگ کے دوران پیدا ہونے والی کسی بھی ہنگامی صورتحال، شکایت، سیکیورٹی مسئلے یا انتظامی رکاوٹ کی صورت میں فوری اقدامات کیے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق کنٹرول روم کے ذریعے مختلف اضلاع سے موصول ہونے والی معلومات، رپورٹس اور شکایات کا جائزہ لیا جائے گا تاکہ کسی بھی ممکنہ بے ضابطگی یا مسئلے کا بروقت تدارک کیا جا سکے۔
مزیدپڑھیں:گلگت بلتستان اسمبلی کے لیے انتخابی دنگل آج سجے گا، 24 نشستوں پر ووٹنگ کی تیاریاں مکمل
حکام کا کہنا ہے کہ کنٹرول روم انتخابی عمل میں شامل تمام اداروں کے درمیان رابطے کا مرکزی مرکز ہوگا، جہاں سے پولنگ اسٹیشنز، ضلعی انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انتخابی عملے سے مسلسل رابطہ برقرار رکھا جائے گا۔
الیکشن کمیشن نے مزید بتایا کہ کنٹرول روم کے قیام، اس کے دائرہ کار اور طریقہ کار سے متعلق تمام متعلقہ اداروں کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے تاکہ انتخابات کے انعقاد میں مکمل ہم آہنگی اور شفافیت برقرار رکھی جا سکے۔
واضح رہے کہ گلگت بلتستان اسمبلی کی 24 نشستوں پر انتخابات کے لیے تمام انتظامات مکمل کیے جا چکے ہیں، جبکہ سیکیورٹی اور انتظامی معاملات کی نگرانی کے لیے خصوصی اقدامات بھی کیے گئے ہیں تاکہ ووٹرز بلا خوف و خطر اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر سکیں۔









