بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

این ویڈیا سی ای او کا افیئر: کیا ہوانگ ‘ہنی ٹریپ’ کا نشانہ بنے؟

دنیا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنیوں میں شمار ہونے والی ”این ویڈیا“(NVIDIA) اس وقت ایک ایسے معاملے کی وجہ سے توجہ کا مرکز بن گئی ہے، جس کے اثرات نہ صرف کمپنی کی ساکھ بلکہ اس کی قیادت اور کاروبار پر بھی پڑ سکتے ہیں۔ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو جینسن ہوانگ کے مبینہ تعلقات اور چین کے لیے جاسوسی کے خدشات سامنے آنے کے بعد کمپنی کے بورڈ نے معاملے کی آزادانہ تحقیقات شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق این ویڈیا نے اتوار کو بتایا کہ کمپنی کا بورڈ اس بات کی تحقیقات کر رہا ہے کہ آیا جینسن ہوانگ کسی غیر ملکی خفیہ ایجنسی کی جاسوسی کی کوشش کا نشانہ بنے تھے یا نہیں۔

یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے گزشتہ ماہ ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ جینسن ہوانگ کے ایلس ہوانگ نامی ایک چینی خاتون کے ساتھ قریبی تعلقات تھے۔ ایلس ہوانگ کا تعلق سنگاپور میں قائم کمپنی میگا اسپیڈ کی سابق انتظامیہ سے رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق امریکی حکام نے ایلس ہوانگ کی تحقیقات کی تھیں اور نتیجہ اخذ کیا تھا کہ وہ چین کے لیے خفیہ معلومات جمع کرنے کا کام کرتی تھیں۔

امریکی حکام کو میگا اسپیڈ پر بھی شبہ تھا کہ وہ چین کو جدید مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے چپس فراہم کرنے میں مدد کر رہی ہے، حالانکہ امریکا نے ایسے چپس چین کو فروخت کرنے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔ میگا اسپیڈ، این ویڈیا سے یہ جدید اے آئی چپس خریدتی رہی ہے۔

این ویڈیا نے اپنے بیان میں کہا کہ کمپنی کا بورڈ حالیہ میڈیا رپورٹس کے تناظر میں ایک آزادانہ تحقیقات شروع کر رہا ہے۔ اس مقصد کے لیے آزاد ڈائریکٹرز پر مشتمل ایک کمیٹی قائم کی جائے گی، جس کی معاونت بیرونی قانونی ماہرین کریں گے۔

مزیدپڑھیں:بھیک کی کمائی کم لانے پر چچا نے 10 سالہ بھتیجی کو آگ لگا دی

کمپنی کے مطابق فی الحال بورڈ کے پاس ایسا کوئی ثبوت نہیں کہ امریکی قومی سلامتی یا این ویڈیا کی خفیہ معلومات کو نقصان پہنچا ہو، تاہم تحقیقات میں دستیاب تمام معلومات کا جائزہ لیا جائے گا۔

این ویڈیا نے یہ بھی کہا کہ بورڈ کو جینسن ہوانگ اور ان کی انتظامی ٹیم کی قیادت پر اعتماد ہے۔ ہوانگ نے بھی تحقیقات کی حمایت کرتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

اس معاملے کے دوران جینسن ہوانگ نے اپنی اہلیہ سے بے وفائی کا اعتراف بھی کیا ہے۔ انہوں نے کمپنی کے ملازمین کو بھیجے گئے پیغام میں کہا کہ ان کے اقدامات سے ان کی اہلیہ اور بچوں کو تکلیف پہنچی اور وہ اپنے عمل کی مکمل ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔ ان کے مطابق وہ اس پر دلی طور پر معذرت خواہ ہیں۔

ہوانگ نے اپنے ساتھیوں، بورڈ، کاروباری شراکت داروں اور شیئر ہولڈرز سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان کے اعتماد پر پورا اتریں، لیکن وہ اس میں ناکام رہے ہیں۔ انہوں نے این ویڈیا کے ساتھ اپنی وابستگی برقرار رکھنے اور دوبارہ اعتماد حاصل کرنے کے لیے کام کرنے کا عزم ظاہر کیا۔

واضح رہے کہ ہوانگ اکتوبر کے آخر میں بلومبرگ نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں ایلس ہوانگ کے ساتھ اپنے تعلقات اور رابطوں کو میگا اسپیڈ سے متعلق قرار دے چکے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ کمپنی کے ساتھ ان کے معاملات معمول کے مطابق تھے اور ان میں کوئی غیر معمولی بات نہیں تھی۔

کیا ہوانگ کو عہدہ چھوڑنا پڑ سکتا ہے؟

اس معاملے نے جینسن ہوانگ کے مستقبل کے حوالے سے بھی سوالات پیدا کردیے ہیں۔ وہ تین دہائیوں سے زائد عرصے سے این ویڈیا کی قیادت کر رہے ہیں اور کمپنی کو اے آئی کے شعبے میں دنیا کی اہم ترین چپ ساز کمپنیوں میں شامل کرنے میں ان کا مرکزی کردار رہا ہے۔

سرمایہ کاری کے ماہرین کے مطابق اگر تحقیقات کے نتیجے میں ہوانگ کو عہدہ چھوڑنا پڑا تو اس کا کمپنی کے شیئرز اور مستقبل کی حکمت عملی پر نمایاں اثر پڑ سکتا ہے۔

سرمایہ کاری کے ادارے یارک وِل آئیوز اینڈ کمپنی کے ڈین آئیوز کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران جینسن ہوانگ کو عہدے سے ہٹائے جانے کا امکان بھی موجود ہے، جس سے کمپنی کے شیئرز میں مزید غیر یقینی پیدا ہوسکتی ہے۔

ان کے مطابق ہوانگ کا کردار کمپنی کی عالمی حکمت عملی میں انتہائی اہم ہے اور اس معاملے کے بعد امریکی کانگریس میں بھی مزید تحقیقات اور سوالات سامنے آسکتے ہیں۔

دوسری جانب سرمایہ کاری کے پلیٹ فارم ای ٹورو کے تجزیہ کار جوش گلبرٹ کا کہنا ہے کہ کمپنی کی ترقی کے ہر بڑے مرحلے میں ہوانگ کا کردار رہا ہے، اس لیے ان کے عہدے سے متعلق کسی بھی قسم کی غیر یقینی شیئر ہولڈرز کے لیے اہم ہوگی۔

اس معاملے پر ٹرمپ کا ردعمل

اس معاملے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کو کہا انہیں معلوم نہیں کہ اصل میں کیا معاملہ پیش آیا ہے۔ تاہم انہوں نے جینسن ہوانگ کو ایک اچھا انسان قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ سب کچھ ٹھیک ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہوانگ نے امریکا کے لیے غیر معمولی کام کیا ہے اور وہ ان کی کارکردگی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

ادھر امریکی ایوان نمائندگان کے ریپبلکن ارکان پہلے ہی ہوانگ سے مطالبہ کر چکے ہیں کہ وہ رواں ماہ کانگریس کے سامنے پیش ہو کر نیویارک ٹائمز کی رپورٹ میں لگائے گئے الزامات پر وضاحت دیں۔

ارکان نے 4 نومبر کو لکھے گئے خط میں کہا تھا کہ اس معاملے سے چین کو امریکا کی حساس ٹیکنالوجی اور معلومات تک رسائی ملنے کے حوالے سے قومی سلامتی کے اہم خدشات پیدا ہوتے ہیں۔ ان کے مطابق کانگریس کے لیے یہ جاننا ضروری ہے کہ آیا امریکی قومی سلامتی کو کسی خطرے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

امریکا نے 2022 سے چین کو جدید اے آئی چپس اور انہیں تیار کرنے کے لیے درکار آلات کی فراہمی محدود کرنے کے لیے برآمدی پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔

یہ تحقیقات ایسے وقت میں شروع ہوئی ہیں جب این ویڈیا پہلے ہی اے آئی کی مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال اور سرمایہ کاروں کی محتاط حکمت عملی کے باعث دباؤ کا شکار ہے۔ تقریباً 4.5 ٹریلین ڈالر مالیت کی اس کمپنی کے شیئرز رواں سال کے دوران اپنی تمام تر منافع سے محروم ہو چکے ہیں۔

تاہم تحقیقات کے نتائج سامنے آنے کے بعد ہی واضح ہوسکے گا کہ آیا یہ معاملہ جینسن ہوانگ کی قیادت اور این ویڈیا کے کاروبار کے لیے کسی بڑی تبدیلی کا سبب بنتا ہے یا نہیں۔