مظفر آباد (Muzaffarabad)میں حالات کی کشیدگی اور امن و امان کی صورت حال کے پیشِ نظر ضلعی انتظامیہ نے دفعہ 144 نافذ کر دی۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق شہر بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے، مظفر آباد شہر میں 4 سے زائد افراد کے ایک جگہ اکٹھے ہونے پر پابندی عائد ہوگی، اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ آزاد کشمیر اور بالخصوص مظفر آباد میں حالات کی کشیدگی اور امن و امان کی صورت حال کے پیشِ نظر ضلعی انتظامیہ وقتاً فوقتاً دفعہ 144 نافذ کرتی ہے۔ تازہ ترین صورت حال میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو کالعدم قرار دیے جانے کے بعد مظفر آباد سمیت آزاد کشمیر کے مختلف حصوں میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔
جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی 9 جون کی احتجاجی کال کے معاملے پر آزاد کشمیر بھر میں انٹرنیٹ سروس آج بھی معطل ہے، انٹرنیٹ سروس معطل ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
مزیدپڑھیں:تیزاب گردی کی شکار لیڈی ڈاکٹر ماہ نور کی طبیعت سے متعلق اہم خبر آگئی
اپیل کے برعکس آج آزاد کشمیر کے زیادہ تر علاقوں میں لاک ڈاؤن نہیں ہو سکا، پونچھ کے مختلف بازاروں کو آج بند کیا گیا ہے، پولیس کے مطابق اب تک مختلف مقامات سے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں کو گرفتار کیا جا چکا ہے، اور مختلف مقامات پر پولیس اور ایکشن کمیٹی کے مظاہرین کے درمیان تصادم کی بھی اطلاعات ہیں۔
مظفر آباد میں رات گئے پولیس کی جانب سے شہر میں مارچ کیا گیا، آزاد کشمیر حکومت کی طرف سے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی پر پابندی عائد کی جا چکی ہے، وادی کی صورت حال پر پیپلز پارٹی کے گزشتہ روز دو اجلاس بھی ہو چکے ہیں، اور آج بھی صورت حال پر غور کے لیے بلاول بھٹو زرداری نے اجلاس طلب کر رکھا ہے۔









