اسلام آباد میں وفاقی بجٹ(Budget) 2026-27 سے قبل سرکاری ملازمین نے مطالبات کی منظوری کیلئے احتجاجی تحریک کو مزید تیز کرنے کا اعلان کر دیا ۔
آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس کے مطابق آج 9 جون (منگل کو)کو وزارتِ خزانہ کے سامنے جبکہ کل10 جون کو پارلیمنٹ ہائو س کے سامنے ملک گیر سطح کے دھرنے دئیے جائیں گے،ان احتجاجی دھرنوں میں ملک بھر سے سرکاری ملازمین کے نمائندہ وفود شرکت کریں گے۔
جاری اعلامیہ کے مطابق تنظیم نے اپنے چارٹر آف ڈیمانڈ میں حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ 10 مارچ 2025 کے معاہدے پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور سرکاری ملازمین کے تمام مطالبات آئندہ وفاقی بجٹ میں شامل کیے جائیں۔
مزیدپڑھیں:پنجاب حکومت کا ماحول دوست اقدام، پہلی بار ای بائیکس رینٹل سروس شروع کرنے کا فیصلہ
ملازمین کے اہم مطالبات میں ایڈہاک ریلیف الانسز کو بنیادی تنخواہ میں ضم کر کے نیا پے اسکیل 2026 متعارف کرانا، کم تنخواہ دار ملازمین کی تنخواہوں میں 50 فیصد اضافہ، اور کنوینس، میڈیکل و ہائوس رینٹ الائونسز میں 200 فیصد اضافہ شامل ہے۔
مطالبات میں پنشن اصلاحات کی واپسی، تنخواہوں میں تفاوت کم کرنے کے لئے 30 فیصد ڈسپیریٹی ریڈکشن الائونس، ڈیلی ویجز و کنٹریکٹ ملازمین کی ریگولرائزیشن، اور ملازمت کے دوران وفات پانے والے ملازمین کے بچوں کی بھرتیوں کی بحالی شامل ہیں۔
ملازمین رہنمائوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت نے مطالبات پر سنجیدگی سے غور نہ کیا تو احتجاجی تحریک کو مزید وسعت دی جائے گی۔









