پاکستان پیپلز پارٹی (PPP) کے سینئر رہنما سید خورشید احمد شاہ نے گلگت بلتستان کے انتخابات میں کامیاب ہونے والے تمام امیدواروں کو مبارکباد پیش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جمہوریت پیپلز پارٹی کی بنیادی سیاسی سوچ ہے اور ان کی جماعت ہمیشہ جمہوری اقدار کے تحفظ اور تسلسل کے لیے جدوجہد کرتی رہی ہے۔
خورشید شاہ کے مطابق پیپلز پارٹی عوام کی نمائندہ جماعت ہے اور گلگت بلتستان میں پارٹی کی کامیابی دراصل عوامی اعتماد کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اس خطے کی ترقی، خوشحالی اور عوامی حقوق کے لیے مؤثر کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی یہ جدوجہد جاری رہے گی۔
مزید پڑھیں؛پیپلز پارٹی نے ہمیشہ محنت کشوں کی ترقی اور خوشحالی کیلئے کام کیا، خورشید احمد شاہ
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پیپلز پارٹی کے نزدیک اصل طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں اور یہی سوچ ان کی سیاست کی بنیاد ہے۔ ان کے مطابق پارٹی نے ہمیشہ آمریت اور جبر کے خلاف آواز بلند کی ہے اور جمہوری اصولوں کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھی ہے۔
خورشید شاہ نے گلگت بلتستان کے عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جمہوری عمل میں بھرپور شرکت کر کے سیاسی شعور کا ثبوت دیا ہے اور پیپلز پارٹی ان کے ساتھ مل کر ترقی اور حقوق کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔








