پشاور ہائیکورٹ (Peshawar High Court) نے خیبرپختونخوا کی ضلعی اور ماتحت عدالتوں میں منسٹریل اسٹاف اور دیگر عدالتی ملازمین کے دورانِ ڈیوٹی موبائل فون استعمال کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
رجسٹرار پشاور ہائیکورٹ محمد زیب خان کے دفتر سے جاری مراسلے کے مطابق تمام ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کو ہدایت کی گئی ہے کہ عدالتی اوقات کار کے دوران عملے کے موبائل فون استعمال کرنے پر مکمل پابندی یقینی بنائی جائے۔
ہدایت نامے کے تحت عدالتوں میں کام کرنے والے تمام منسٹریل اور دیگر ملازمین اپنے موبائل فونز متعلقہ برانچ انچارج، ہیڈ یا کسی نامزد افسر کی تحویل میں جمع کرائیں گے، جہاں انہیں ڈیوٹی کے اختتام تک محفوظ رکھا جائے گا۔
مزید پڑھیں؛پشاور ہائیکورٹ: 51 ججز کے بڑے پیمانے پر تبادلے
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ یہ ہدایات پہلے بھی جاری کی جا چکی ہیں، تاہم اب ان پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ضرورت محسوس کی گئی ہے۔
پشاور ہائیکورٹ نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی ہنگامی یا گھریلو ضرورت کی صورت میں عدالتی عملہ لینڈ لائن فون کے ذریعے رابطہ کر سکے گا۔
ذرائع کے مطابق بعض عدالتوں میں ملازمین کی جانب سے موبائل فون کے غیر ضروری استعمال سے متعلق موصول ہونے والی شکایات کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے، جس کا مقصد عدالتی نظم و ضبط اور کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔









