لاہور کے مصروف تجارتی علاقے رنگ محل میں ایک نجی بینک میں کروڑوں روپے کی مبینہ ڈکیتی کا حیران کن واقعہ پیش آیا، جہاں بینک کے دو ملازمین ہی ایک شہری کی جمع کرائی گئی خطیر رقم لے کر فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق ایک شہری 5 کروڑ روپے نقد رقم بینک میں جمع کروانے کے لیے آیا تھا۔ شہری نے مقررہ طریقہ کار کے تحت رقم بینک کاؤنٹر پر موجود ملازمین کے حوالے کی، جنہوں نے اسے یقین دلایا کہ رقم اس کے اکاؤنٹ میں جمع کر دی جائے گی۔
تاہم الزام ہے کہ رقم وصول کرنے کے بعد دونوں بینک ملازمین 5 کروڑ روپے لے کر موقع سے فرار ہو گئے، جس پر شہری کو دھوکے کا علم ہوا اور اس نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس حرکت میں آگئی اور تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔ ابتدائی کارروائی کے دوران ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اس کے قبضے سے 3 کروڑ روپے بھی برآمد کر لیے گئے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے دوسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور امید ہے کہ اسے بھی جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
مزیدپڑھیں:جھانوی کپور کے بولڈ کردار پر تنقید، جگاپتی بابو کی حمایت
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ واردات میں مزید افراد ملوث تھے یا نہیں اور بینک کے اندرونی سیکیورٹی نظام میں کس سطح پر غفلت برتی گئی۔
واقعے نے بینکاری نظام کی سیکیورٹی اور صارفین کے اعتماد کے حوالے سے بھی کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں، جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔









