حکومت پنجاب نے ڈرائیونگ لائسنس (Driving license)کی سہولیات لوگوں کے گھروں کی دہلیز تک پہنچا دیں، دستک ایپ ڈی ایل آئی ایم ایس سے منسلک کردیا گیا۔
پنجاب حکومت نے شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس سے متعلق سہولیات گھر بیٹھے فراہم کرنے کے لیے اہم اقدام کرتے ہوئے “دستک” ایپلی کیشن کو ڈرائیونگ لائسنس انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم (ڈی ایل آئی ایم ایس) سے منسلک کردیا ہے۔
ٹریفک پولیس پنجاب کے مطابق شہری اب دستک ایپلی کیشن کے ذریعے ڈرائیونگ لائسنس سے متعلق متعدد خدمات حاصل کر سکیں گے، جس کا مقصد عوام کو دفاتر کے چکر لگانے سے بچانا اور سہولیات کو مزید آسان بنانا ہے۔

رپورٹ کے مطابق دستک ایپ کے ذریعے شہری گھر بیٹھے لرنر ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں، جبکہ لائسنس کی معیاد ختم ہونے پر تجدید کی سہولت بھی دستیاب ہے۔
اس کے علاوہ گمشدہ یا خراب شدہ لائسنس کی جگہ ڈپلیکیٹ لائسنس کے حصول اور بیرونِ ملک سفر کے لیے بین الاقوامی ڈرائیونگ لائسنس کی درخواست بھی آن لائن دی جا سکتی ہے۔
ٹریفک پولیس پنجاب کے مطابق لرنر ڈرائیونگ لائسنس کی فیس 500 روپے فی کیٹیگری مقرر کی گئی ہے، جبکہ تجدید اور ڈپلیکیٹ لائسنس کی فیس متعلقہ گاڑی یا موٹر سائیکل کی کیٹیگری کے مطابق سرکاری قواعد کے تحت وصول کی جائے گی۔
دستک ایپلی کیشن پلے اسٹور انسٹال کرکے وہاں موجود موٹر سائیکل، کار، جیپ، ایل ٹی وی اور ایچ ٹی وی سمیت مختلف کیٹیگریز کے ڈرائیونگ لائسنس سے متعلق معلومات اور سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کریں اور مستفید ہوں۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی قسم کی رہنمائی یا مزید تفصیلات کے لیے ٹریفک پولیس پنجاب کی سرکاری ویب سائٹ سے رجوع کریں۔









