اسپارکو کا کہنا ہے کہ محرم الحرام (Moharrum alharam)کا چاند 15 جون کو نظر آنے کے امکانات انتہائی کم ہیں،یکم محرم الحرام 1448 ہجری بدھ 17 جون کو ہونے کی توقع ہے۔
جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ نئے چاند کی پیدائش 15 جون کو صبح 7 بج کر 54 منٹ پر متوقع ہے،15جون کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 11 گھنٹے 50 منٹ ہوگی۔
ساحلی علاقوں میں غروب آفتاب اور غروب قمر کا درمیانی وقفہ 40 منٹ رہنے کا امکان ہے،نئے اسلامی سال کے چاند کاحتمی فیصلہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے بھی محرم الحرام 1448 ہجری کے چاند کی رویت سے متعلق پیش گوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ نئے چاند کی پیدائش 15 جون کو صبح 7 بج کر54 منٹ پرہوگی لہٰذا 15 جون کو ملک بھر میں چاند نظر آنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 15 جون یعنی 29 ذوالحج کی شام چاند نظر نہیں آئےگا، 15 جون کو ملک کے زیادہ تر حصوں میں موسم صاف یا ہلکے بادل رہنے کی امید ہے ۔
پنجاب میں رات 7 بج کر 59 منٹ پرچاند غروب ہوجائے گا۔سندھ میں رات 8 بج کر 5 منٹ پرچاند غروب ہوگا، آزاد کشمیر میں رات 8 بج کر 7 منٹ تک چاند دیکھا جا سکتا ہے جب کہ گلگت بلتستان میں چاند غروب ہونے کا وقت رات 8 بج کر 12 منٹ ہے۔
اس کے علاوہ خیبر پختونخوا میں چاند رات 8 بج کر 23 منٹ پر چھپ جائے گا اور بلوچستان میں چاند سب سے آخر میں رات 8 بج کر 34 منٹ پر غروب ہوگا۔
مزید پڑھیں:ایران امریکہ معاہدے کی خبریں، عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں گر گئیں
یاد رہے کہ نئے اسلامی سال اور محرم الحرام کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس 15 جون کی شام لاہور کی تاریخی بادشاہی مسجد میں منعقد ہوگا۔









