آزاد کشمیر انتخابات(Azad Kashmir elections) کیلئے مسلم لیگ ن نے 45 میں سے37 حلقوں کے ٹکٹ جاری کر دیے۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن نے 45 میں سے37 حلقوں کے ٹکٹ جاری کر دیے جبکہ 8 پر مشاورت آخری مرحلے میں داخل ہوگئی ہے جبکہ نوازشریف اور شہبازشریف نے رانا ثناء اللہ اور امیرمقام کو انتخابی ٹاسک بھی سونپ دیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ 8 امیدواروں کی ٹکٹوں کا اعلان آئندہ 2 روز میں کیے جانے امکان ہے جس کیلئے رانا ثناء اللہ اور امیرمقام کی اہم امیدواروں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔
ذرائع کا بتانا تھا کہ چوہدری محمد اظہرصادق کی مسلم لیگ ن میں شمولیت اور انتخاب لڑنے کے معاملات بھی طے پاگئے، عباس پور سے یاسین گلشن کو مسلم لیگ ن کا امیدوار نامزد کیے جانے کا امکان ہے جبکہ لچھراٹ سے سابق وزیر حکومت چوہدری شہزاد نے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔
مزیدپڑھیں:بھارت، ٹھیلے سے مضر صحت کھانا کھانے کے بعد 59 افراد کی حالت بگڑ گئی، اسپتال منتقل
ذرائع کے مطابق راج محل کوٹلی سے ملک نواز کو پارٹی ٹکٹ ملنے کے امکانات ہیں جبکہ راولاکوٹ ایل اے-22 سے سردار جاوید شریف کو ٹکٹ دیے جانے کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ امیدواروں کے نام حتمی منظوری کے لیے نواز شریف کو بھجوا دیے گئے ہیں جبکہ ٹکٹ سے محروم رہنماؤں کو پارٹی ڈسپلن میں رکھنے کے لیے رابطے جاری کھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔









