کراچی ، ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق خودکش دہشت گرد سلمان (Salman)مطلوب دہشت گرد زعفران کا قریبی ساتھی رہا ہے، دہشتگرد نے ساتھیوں کے ساتھ سائیٹ ایریا میں کام کرنے والے غیر ملکیوں کو فائرنگ سے زخمی کیا تھا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ دہشت گرد کے قبضے سے ایک خود کش جیکٹ، حساس مقامات کی تصاویر اور نقشے بھی برآمد ہوئے، دہشت گرد زعفران سی ٹی ڈی سے مقابلے میں ہلاک ہوا، اس پر ایک کروڑ کا انعام مقرر تھا۔

سی ٹی ڈی کے ترجمان نے بتایا کہ گرفتار دہشت گرد سلمان سمیت دیگر کو کراچی میں بڑی خودکش دہشت گرد کارروائی کے لیے بھیجا گیا تھا، گرفتار دہشت گرد کے کچھ خودکش بمبار ساتھی ابھی کراچی آنے تھے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم کا ایک ساتھی 2025ء میں کوئٹہ میں ایف سی پر خودکش حملے میں مارا گیا تھا، ملزم کا دوسرا ساتھی گزشتہ سال ڈی آئی خان پولیس ٹریننگ سینٹر خودکش دھماکے میں مارا گیا۔
مزید کہا گیا کہ ملزم افغانستان سے خودکش حملوں کی ٹریننگ حاصل کرچکا ہے، ملزم مولوی مخلص یار کے حکم پر اپنے ساتھی ادریس عرف اسد اللہ کے ہمراہ کراچی آیا تھا، ملزم کو ٹارگٹ کلنگ کے بعد ساتھیوں کے ہمراہ کراچی میں خود کش دھماکے کرنا تھے۔
مزید پڑھیں:فلمیں بنانے کا شوق، 13 سال کی عمر میں گھر سے بھاگ گیا تھا: ہدایت کار ابو علیحہ کا انکشاف
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم کے تنظیمی ساتھیوں اور ٹارگٹ کلرز کی گرفتاری کے لیے مشترکہ ٹیمیں بنادی گئی ہیں، ملزم کے ساتھیوں اور سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔








