ٹیکنالوجی کمپنی میٹا نے مصنوعی ذہانت (AI) سے لیس اپنے نئے اسمارٹ گلاسز متعارف کرا دیے ہیں، جن کی ابتدائی قیمت 299 ڈالر مقرر کی گئی ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ نئے ماڈلز کو پہلے کے مقابلے میں زیادہ آرام دہ، ہلکا اور روزمرہ استعمال کے لیے موزوں بنایا گیا ہے۔
میٹا کے مطابق نئے اسمارٹ گلاسز تین مختلف ڈیزائنز ایڈونچر، فیوری اور اسٹار فائر میں پیش کیے گئے ہیں تاکہ صارفین اپنی پسند اور ضرورت کے مطابق انتخاب کر سکیں۔

ان گلاسز میں وہی بنیادی فیچرز شامل کیے گئے ہیں جو رے بین میٹا گلاسز میں موجود تھے، جن میں 12 میگا پکسل کا کیمرا، اعلیٰ معیار کے اسپیکرز، چھ مائیکروفونز اور Meta AI اسسٹنٹ شامل ہیں۔ ان خصوصیات کی مدد سے صارفین تصاویر اور ویڈیوز ریکارڈ کرنے، موسیقی سننے، کالز کرنے اور آواز کے ذریعے مختلف کام انجام دے سکیں گے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ نئے ماڈلز میں مصنوعی ذہانت کو مزید بہتر بنایا گیا ہے۔ اس کی بدولت صارفین قدرتی انداز میں گفتگو کر سکیں گے، مختلف زبانوں میں فوری ترجمہ حاصل کریں گے اور تصاویر کے لیے “ڈائنامک فوٹو” جیسے جدید فیچرز سے بھی فائدہ اٹھا سکیں گے۔
مزید پڑھیں:میٹا کے اے آئی سمارٹ چشمے: فون کے بغیر اے آئی استعمال کا نیا تجربہ
صارفین کے آرام کو مدنظر رکھتے ہوئے گلاسز میں ایڈجسٹ ہونے والے ناک پیڈز، لچکدار فریم اور مختلف سائز متعارف کرائے گئے ہیں تاکہ انہیں طویل وقت تک باآسانی استعمال کیا جا سکے۔
میٹا کے مطابق اسمارٹ گلاسز ایک مرتبہ چارج کرنے پر تقریباً 8 گھنٹے تک کام کر سکتے ہیں، جبکہ ان کے ساتھ فراہم کیا جانے والا چارجنگ کیس اضافی بیٹری بیک اپ بھی فراہم کرتا ہے، جس سے استعمال کا دورانیہ مزید بڑھ جاتا ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ ان اسمارٹ گلاسز کا بنیادی مقصد مصنوعی ذہانت کو صارفین کی روزمرہ زندگی کا حصہ بنانا ہے۔ میٹا نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ مستقبل میں ان گلاسز کے لیے وائس گائیڈڈ نیویگیشن (Voice-Guided Navigation) کی سہولت بھی متعارف کرائی جائے گی، جس سے صارفین ہاتھ استعمال کیے بغیر راستے کی رہنمائی حاصل کر سکیں گے۔








