اسلام آباد: مجلسِ شوریٰ اسلامی ایران کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق (Ayaz Sadiq)کے نام ایک خصوصی خط ارسال کرتے ہوئے انہیں ایران کے شہید سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی تعزیتی تقریب میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی ہے۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق خط میں بتایا گیا ہے کہ آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی یاد میں تعزیتی تقریب 3 جولائی 2026 کو تہران میں منعقد ہوگی، جس میں مختلف ممالک کی پارلیمانی شخصیات اور اعلیٰ حکام کی شرکت متوقع ہے۔

ایرانی اسپیکر نے سردار ایاز صادق سے تقریب میں شرکت کی درخواست کرتے ہوئے اسے دونوں برادر ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات کی علامت قرار دیا۔
محمد باقر قالیباف نے اپنے پیغام میں پاکستانی عوام، اسپیکر قومی اسمبلی، اراکین پارلیمنٹ اور پاکستان کی قیادت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
انہوں نے پاکستان اور ایران کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری، برادرانہ تعلقات اور باہمی احترام کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے رشتوں کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
ایرانی اسپیکر نے آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات اور قیادت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
دوسری جانب اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے دعوت نامہ بھیجنے پر ایرانی اسپیکر کا شکریہ ادا کیا اور تعزیتی تقریب میں شرکت کی دعوت پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے پاکستان اور ایران کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
مزید پڑھیں:پانی کوتنازع نہیں،تعاون کاذریعہ بنایا جانا چاہیے، حنا ربانی کھر
پارلیمانی حلقوں کے مطابق اس خط کو دونوں ممالک کے درمیان قریبی سفارتی اور پارلیمانی روابط کا ایک اہم اظہار قرار دیا جا رہا ہے، جو باہمی اعتماد، احترام اور تعاون کے فروغ میں مثبت کردار ادا کرے گا۔








