لندن: برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر نے ملک کے دفاع کو مزید مضبوط بنانے کے لیے برطانوی مسلح افواج(British Defence Budgets) کے لیے 15 ارب پاؤنڈ کی اضافی فنڈنگ کا اعلان کر دیا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق وزارت دفاع نے حکومت سے 28 ارب پاؤنڈ اضافی فنڈزکی درخواست کی تھی، جس کے بعد وزیراعظم نے دفاعی صلاحیتوں میں بڑے پیمانے پرسرمایہ کاری کا اعلان کیا۔

سر کیئر اسٹارمر نے کہا کہ برطانیہ اپنی قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا کیونکہ مختلف ریاستیں برطانیہ کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ برطانوی فوج کو موجودہ صلاحیت سے 10 گنا زیادہ مضبوط بنایا جائے گا جبکہ حکومت کا ہدف ہے کہ 2029 تک سالانہ دفاعی اخراجات بڑھا کر80 ارب پاؤنڈ تک پہنچا دیے جائیں۔
وزیراعظم کے مطابق دفاعی منصوبوں کے لئے وسائل فراہم کرنے کی غرض سے بعض سڑکوں اور توانائی کے منصوبوں کو مؤخر یا ختم کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ ڈرونز، خودمختار ہتھیاروں اور مصنوعی ذہانت پرمبنی دفاعی نظام کے فروغ کے لئے 5 ارب پاؤنڈ مختص کیے جائیں گے۔
سرکیئراسٹارمرنے مزید کہا کہ رائل نیوی کو جدید ہائبرڈ بحری قوت میں تبدیل کیا جائیگا، جس کے تحت بغیر عملے کے چلنے والے بحری جہاز، مصنوعی ذہانت کے استعمال اور6 نئے جنگی جہازوں کی فنڈنگ بھی منصوبے کا حصہ ہوگی۔
مزید پڑھیں:اسلام آباد میں کروڑوں روپے مالیتی اسمگل شدہ ممنوعہ اشیا تلف ،پاکستان کسٹمز
ان کا کہنا تھا کہ عالمی تنازعات کی نوعیت بدل رہی ہے، نیٹو کی اہمیت پہلے سے بڑھ گئی ہے اورجنگ سے بچنے کا بہترین طریقہ اس کی بھرپورتیاری ہے۔








