بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

قومی اسمبلی کا جعلی افسر گھوٹکی سے گرفتار؛ مراعات اور پروٹوکول بھی لیتا رہا

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ (National Assembly Secretariat)کا جعلی افسر بن کر مراعات اور پروٹوکول لینے والے گھوٹکی کے رہائشی عبد الواجد کو گرفتار کرلیا گیا۔

ڈائریکٹوریٹ جنرل آف میڈیا قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق عبد الواجد خود کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا گریڈ 17 کا افسر ظاہر کرتا تھا۔ ملزم کے پاس قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا جعلی تقرر نامہ بھی موجود تھا، جس پر اسپیکر کے دستخط بھی جعلی تھے۔ یہ شخص غیر قانونی مراعات اور پروٹوکول بھی لیتا رہا۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے معاملے کا فوری اور سخت نوٹس لیا تھا، جس پر قائم مقام سیکرٹری قومی اسمبلی نے فوری متحرک ہوتے ہوئے ڈی جی ایف آئی اے اور آئی جی سندھ کو خطوط لکھے اور ڈی جی ایف آئی اے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم عبد الواجد کو گرفتار کر لیا۔

مزیدپڑھیں:حکومت نے پیٹرول اورہائی اسپیڈ ڈیزل 1.97روپے فی لیٹر سستا کردیا

ترجمان قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ عوامی شکایات اور سوشل میڈیا پر معاملہ سامنے آنے پر اسپیکر نے فوری کارروائی کی۔ عبد الواجد نامی شخص کا قومی اسمبلی سے کوئی تعلق نہیں، نہ ہی اس کی تقرری کا کوئی ریکارڈ موجود ہے۔ اسپیکر، قومی اسمبلی یا جعلی سرکاری عہدے کے نام پر دستاویز تیار کرنا سنگین جرم ہے۔

ترجمان نے عوام کو تنبیہ کی کہ وہ ایسے جعل سازوں سے ہوشیار رہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے حوالے سے کسی بھی دستاویز کی تصدیق لازمی کریں۔