سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے وزیراعظم اپنا گھر پروگرام( P.M. APNA GHAR) میں نان بینکنگ کمپنیوں کو شامل کرکے ہاؤسنگ فنانس کے نئے دروازے کھول دیے ہیں۔
نان بینکنگ فنانس کمپنیوں کو اس اسکیم کا حصہ بنانے کی وفاقی حکومت نے باقاعدہ منظوری دے دی ہے، اب نان بینکنگ ہاؤسنگ فنانس اور انویسٹمنٹ فنانس کمپنیاں ایک کروڑ روپے تک قرض فراہم کر سکیں گی۔
ایس ای سی پی کے مطابق روایتی بینک اکاؤنٹ نہ رکھنے والے شہری بھی اب آسان شرائط پر ہاؤسنگ فنانس حاصل کر سکیں گے، مائیکرو فنانس کمپنیاں اپنا گھر اسکیم کے تحت 50 لاکھ روپے تک قرض دینے کی مجاز ہوں گی۔
اسکیم کے تحت ابتدائی 10 سال کے لیے صرف 5 فیصد شرح منافع پر قرض دیا جائے گا۔ اس اقدام سے عام آدمی کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔
دوسری جانب پنجاب حکومت کے “اپنی زمین، اپنا گھر” پروگرام کے تحت ضلع جہلم میں 600 سے زائد مستحق شہریوں کو مفت تین مرلہ رہائشی پلاٹوں کے الاٹمنٹ لیٹرز جاری کر دیے گئے جبکہ وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے ایک تقریب کے دوران 400 سے زائد کامیاب درخواست گزاروں میں الاٹمنٹ لیٹرز تقسیم کیے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلال اظہر کیانی نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی اس سکیم کے تحت جہلم کے 730 شہریوں کی تین مرلہ زمین کے لیے درخواستیں منظور کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف عوام کو اپنی چھت فراہم کرنے کا وعدہ پورا کر رہے ہیں اور مسلم لیگ (ن) نے ہر شہری کے اپنے گھر کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز پنجاب بھر میں ہزاروں خاندانوں کو گھر فراہم کر چکی ہیں جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی سطح پر پرائم منسٹر اپنا گھر رعایتی قرض اسکیم کا آغاز کیا ہے، جس کے تحت بینکوں کے ذریعے صرف 5 فیصد شرحِ منافع پر ایک کروڑ روپے تک قرض فراہم کیا جا رہا ہے۔
بلال اظہر کیانی کے مطابق ضلع جہلم میں آن لائن پورٹل کے ذریعے مجموعی طور پر 5 ہزار 942 درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے نادرا کی تصدیق کے بعد 4 ہزار 303 درخواست گزار ا سکیم کے لیے اہل قرار پائے، بعد ازاں شفاف کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے ذریعے 730 افراد کو کامیاب قرار دیا گیا۔
مزید پڑھیں:پاکستان میں الیکٹرک گاڑی کے خواہشمند افراد کیلئے شاندار اعلان
انہوں نے کہا کہ بزرگ شہریوں، خواتین اور خصوصی افراد سمیت 600 سے زائد مستحق افراد کو الاٹمنٹ لیٹرز جاری کیے جا چکے ہیں جبکہ کامیاب الاٹیز اپنے گھروں کی تعمیر کے لیے بینک آف پنجاب سے 15 لاکھ روپے تک بلا سود قرض بھی حاصل کر سکیں گے۔








