بیرونِ ملک افراد کو پاکستانی ویزا(Visa) کے حصول کے لیے اسپانسر کرنے والے پاکستانی اب نادرا کی پاک آئیڈنٹیٹی موبائل ایپ کے ذریعے گھر بیٹھے اپنی بائیو میٹرک تصدیق مفت میں کرسکیں گے۔
اگر آپ کسی غیرملکی شہری کو پاکستانی ویزا کے حصول کے لئے اسپانسر کرنا چاہ رہے ہیں تو اس سلسلے میں نادرا نے بڑی سہولت متعارف کرادی ہے۔
اس مقصد کے لئے آپ کے شناختی کارڈ کی بائیو میٹرک تصدیق لازمی ہے جس کی کارروائی اب آپ نادرا کی پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے “ویزا اسپانسر بائیو میٹرک ویریفکیشن” کے فیچر کے ذریعے گھر بیٹھے کسی فیس کے بغیر مکمل کر سکتے ہیں۔
ویزا اسپانسر بائیو میٹرک ویری فکیشن کا مکمل طریقہ کار جاننے کے لئے نیچے دیئے گئے وڈیو لنک پر کلک کرکے تفصیلات جانیں۔
نادرا کی جانب سے متعارف کرائی گئی نئی سہولت کے تحت پاکستان آن لائن ویزا سسٹم میں جمع کرائی گئی ویزا درخواست کے لیے اسپانسر کی بائیو میٹرک تصدیق موبائل فون کے ذریعے کی جاسکے گی، جس کے لیے کسی دفتر جانے یا اضافی فیس ادا کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
مزیدپڑھیں:سوات، جنازے میں شرکت کے دوران قاتلانہ حملے میں پیپلزپارٹی کے مقامی صدر جاں بحق
نادرا کے مطابق ویزا درخواست جمع ہونے کے بعد اسپانسر کو درخواست کی تفصیلات کے ساتھ ایک ای میل موصول ہوگی، جس کے بعد وہ پاک آئیڈنٹیٹی موبائل ایپ میں لاگ اِن کرکے بائیو میٹرک تصدیق کا عمل مکمل کرسکے گا۔
پہلی مرتبہ ایپ استعمال کرنے والے صارفین کو اکاؤنٹ بنانا ہوگا، جس کے لیے ای میل، فنگر پرنٹس اور چہرے کی تصدیق ضروری ہوگی۔ اکاؤنٹ فعال ہونے کے بعد صارف نادرا سروسز کے ذریعے متعلقہ آپشن منتخب کرکے اپنی یا قریبی خونی رشتہ دار کی بایومیٹرک تصدیق کرسکے گا۔
نادرا کا کہنا ہے کہ تصدیقی عمل مکمل ہونے پر صارف کو “ویری فکیشن سکسیس فل” کا پیغام موصول ہوگا، جس کے بعد ویزا درخواست کا اسٹیٹس خودکار طور پر اپ ڈیٹ ہو جائے گا اور درخواست کی مزید کارروائی شروع کردی جائے گی۔
حکام کے مطابق اس نئی سہولت کا مقصد ویزا اسپانسر شپ کے عمل کو زیادہ محفوظ، تیز اور آسان بنانا ہے تاکہ شہری بغیر کسی دفتری کارروائی کے اپنے موبائل فون سے بائیو میٹرک تصدیق مکمل کرسکیں۔








