لاہو(نیوز ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عوام کے ووٹوں سے منتخب حکومت پر شب خون مارا گیا،عدالتی کارروائی اور فیصلہ متنازع ہے، ہماری فل کورٹ کی استدعا کو بھی نامنظور کر کے انصاف کے تقاضے پورے نہیں کئے گئے۔ اپنے ایک بیان میں حمزہ شہباز نے کہا کہ جسٹس منیر اور مولوی مشتاق کی بدروحیں آج بھی عوام کی امنگوں پر ڈاکے ڈال رہی ہیں،بھٹو کو پھانسی دینے والے ججوں نے بعد میں پچھتاوے کا اظہار کیا لیکن ملک کو ہونے والےنقصان کی تلافی نہ ہوسکی، میری سیاست عہدوں کے لئے نہیں عوام کی خدمت کے لئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان نے دیکھا کہ کس طرح غیر آئینی اقدامات کے ذریعے پہلے دن سے ہمیں جائز حق حکمرانی سے محروم رکھنے کی کوشش کی گئی۔ تمام مشکلات کے باوجود آٹے پر سبسڈی ، مفت ادویات اور روشن گھرانا مفت بجلی جیسے پروگرامز سے عوام کو ریلیف دینے کے مشن سے پیچھے نہیں ہٹا۔ سدا بادشاہی اللہ تعالیٰ کی ہے، نہ کسی کی ہار ہمیشہ کی ہے نہ کسی جیت کو دوام حاصل ہے۔
مشن پاکستان کو بچانا ہے اور میں اس سے پیچھے نہیں ہٹوں گا۔
عوام کے ووٹوں سے منتخب حکومت پر شب خون مارا گیا،عدالتی کارروائی اور فیصلہ متنازع ہے، حمزہ شہباز








