حکومت کا محنت کش خاندانوں(Labour Families) کیلئے تعلیمی اعلان، مزید ایک لاکھ بچوں کو تعلیم دینے کا فیصلہ۔وزیراعظم کی فوری عملدرآمد کی ہدایت، ورکرز ویلفیئر فنڈ کو جدید اور عوام دوست ادارہ بنایا جائے گا۔
وفاقی حکومت نے محنت کش طبقے کے بچوں کو مساوی تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے مزید ایک لاکھ بچوں کو تعلیم کی سہولت دینے کے منصوبے پر فوری عملدرآمد کا فیصلہ کر لیا ہے۔
وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز و انسانی وسائل ترقی چودھری سالک حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق محنت کش خاندانوں کے مزید ایک لاکھ بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی تاکہ کوئی بھی بچہ معاشی مشکلات کے باعث تعلیم سے محروم نہ رہے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے، کسی مخصوص طبقے کی مراعات نہیں۔ حکومت اس اصول پر کاربند ہے کہ محنت کشوں کے بچوں کو بھی وہی تعلیمی مواقع میسر ہوں جو معاشرے کے دیگر طبقات کو حاصل ہیں۔
چودھری سالک حسین نے واضح کیا کہ محنت کشوں کے بچوں کو تعلیم سے محروم نہیں رہنے دیا جائے گا اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ورکرز ویلفیئر فنڈ کو جدید، مؤثر اور عوام دوست ادارہ بنایا جا رہا ہے تاکہ محنت کش خاندانوں کو تعلیم سمیت دیگر فلاحی سہولتیں بہتر انداز میں فراہم کی جا سکیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ محنت کشوں کے بچوں کی تعلیم دراصل پاکستان کے روشن مستقبل میں سرمایہ کاری ہے، حکومت ایسے اقدامات کررہی ہے جن سے نہ صرف تعلیمی معیاربہتر ہوگا بلکہ زیادہ سے زیادہ بچوں کو تعلیمی نظام میں شامل کیا جا سکے گا۔
مزید پڑھیں:کراچی: لاوارث لاشوں کا خوفناک انکشاف، 6 ماہ میں تعداد 200 تک پہنچ گئی
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ محنت کش طبقے کی فلاح اور ان کے بچوں کی تعلیم حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔








