اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (IESCO) نے اپنے صارفین کے لیے لوڈ مینجمنٹ کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں بجلی کی کوئی قلت نہیں اور قومی گرڈ سے ضرورت کے مطابق بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔
آئیسکو کے ترجمان راجہ عاصم (Raja Asim) کے مطابق بجلی کی طلب اور رسد کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور معمول کے آپریشنز بحال ہونے کے بعد صارفین کو بلا تعطل اور معیاری بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صارفین کو قابلِ اعتماد، محفوظ اور مسلسل بجلی فراہم کرنا آئیسکو انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ اس مقصد کے لیے مؤثر نظامی آپریشن، احتیاطی بنیادوں پر دیکھ بھال، بجلی کے نیٹ ورک کی مسلسل نگرانی اور کسی بھی غیر متوقع خرابی کی صورت میں فوری بحالی کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ 29 اور 30 جون کے علاوہ یکم سے 5 جولائی تک ملک میں شدید گرمی کی غیر معمولی لہر کے باعث بجلی کی طلب میں ریکارڈ اضافہ ہوا، جس سے تقسیمی نظام پر غیر معمولی دباؤ پڑا۔ اسی صورتحال کے پیش نظر نظام کی ضروریات کے مطابق بعض علاقوں میں شیڈول لوڈ مینجمنٹ کرنا پڑی۔
انہوں نے وضاحت کی کہ اس دوران بعض مقامات پر تکنیکی خرابیوں کے باعث عارضی طور پر بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی۔ ان خرابیوں میں ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز کا خراب ہونا، جمپرز کا جل جانا یا ڈھیلا ہونا اور زیر زمین بجلی کی کیبلز میں فالٹس شامل تھے، جن کی بنیادی وجہ زیادہ لوڈ، شدید گرمی اور نمی تھی۔
راجہ عاصم نے کہا کہ ایسی صورتحال میں متاثرہ آلات کی مرمت یا تبدیلی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر پرمٹ ٹو ورک (Permit to Work – PTW) شٹ ڈاؤن کرنا ضروری ہوتا ہے تاکہ عملے کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے اور بجلی کی فراہمی جلد بحال کی جا سکے۔
مزیدپڑھیں:حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں بھرتیوں کی تحقیقات شروع، اینٹی کرپشن نے ریکارڈ طلب کر لیا
انہوں نے مزید بتایا کہ بالخصوص راولپنڈی شہر میں متعدد 11 کے وی (11kV) فیڈرز مشترکہ پولز اور زیر زمین کیبل ٹرنچز پر نصب ہیں، اس لیے کسی ایک خراب فیڈر کی مرمت کے دوران حفاظتی تقاضوں کے تحت قریبی فعال فیڈرز کو بھی عارضی طور پر بند کرنا پڑتا ہے۔ ان کے مطابق ایسے شٹ ڈاؤن مکمل طور پر تکنیکی اور حفاظتی نوعیت کے ہوتے ہیں، انہیں لوڈ مینجمنٹ نہیں سمجھنا چاہیے۔
آئیسکو کے ترجمان نے حالیہ صورتحال کے دوران صارفین کو پیش آنے والی مشکلات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے تعاون پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کمپنی اپنے بجلی کے ترسیلی نظام کو مزید مضبوط بنانے اور محفوظ، قابلِ اعتماد اور مؤثر بجلی کی فراہمی کے لیے مسلسل اقدامات جاری رکھے گی۔








