بالی ووڈ کی ڈریم گرل معروف اداکارہ ہیمامالنی(Hema Malini) نے انکشاف کیا ہے کہ میں اپنے کیریئر کے عروج کے دور میں بھی بالی ووڈ کی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ نہیں تھی۔
بالی ووڈ کی چند ہی اداکارائیں ایسی رہی ہیں جنہوں نے 1970ء اور 1980ء کی دہائی کے ابتدائی برسوں میں ہیما مالنی جیسی غیر معمولی مقبولیت حاصل کی ہو، تاہم اپنی بے مثال شہرت کے باوجود ہیما مالنی نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں انکشاف کیا ہے کہ میں کبھی بھی بالی ووڈ کی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ نہیں رہی اور نہ ہی میں نے کبھی دولت کو اپنی ترجیح بنایا۔
مزیدپڑھیں:پائلٹ کی پرواز کے دوران جہاز سے کود کر خودکشی؛ اناڑی اسٹوڈنٹ نے کیسے طیارہ اتارا؟
77 سالہ اداکارہ نے گفتگو کے دوران سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ کے تاثر کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ نہیں، بالکل نہیں، یہ کس نے کہا؟ ہمیں بہت معمولی معاوضہ ملتا تھا، ہمیں اتنی زیادہ رقم نہیں دی جاتی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ہدایت کار اور پروڈیوسرز مجھے بہت پسند کرتے تھے لیکن میں نے کبھی پیسے کے لیے کام نہیں کیا، جیسے جیسے میری مقبولیت بڑھتی گئی، ویسے ویسے معاوضے میں تھوڑا بہت اضافہ کر دیا جاتا تھا، بس۔
فلم شعلے کی اداکارہ نے کہا کہ مجھے کبھی بھی وہ بھاری بھرکم معاوضے نہیں ملے جو آج کے ستاروں کو ملتے ہیں، ہمیں تو اس کا ایک چھوٹا سا حصہ بھی نہیں ملتا تھا لیکن یہ ایک الگ بات ہے کہ جن فلموں میں ہم نے کام کیا ان سے حاصل ہونے والا تجربہ، عزت اور پہچان ہمارے لیے مالی معاوضے سے کہیں زیادہ قیمتی تھے۔
ہیما مالنی نے بتایا کہ جو بھی پروڈیوسر ادا کر سکتا تھا، وہ ہمارے لیے قابلِ قبول ہوتا تھا، میں نے کبھی یہ مطالبہ نہیں کیا کہ اتنی رقم نہ ملی تو فلم نہیں کروں گی، ایسا کبھی نہیں ہوا، تمام معاملات میری والدہ دیکھتی تھیں اور وہ پروڈیوسرز کے ساتھ ہمیشہ بہت فراخ دل رہتی تھیں، اگر کوئی پروڈیوسر کہتا کہ وہ اس فلم کے لیے زیادہ معاوضہ نہیں دے سکتا، تو والدہ کہتیں، کوئی بات نہیں، ہم نے کبھی پیسوں پر اصرار نہیں کیا، وہ جتنی بھی رقم کا لفافہ دیتے، ہم خاموشی سے قبول کر لیتے تھے۔








